کراچی کے تمام بی آر ٹی سسٹمز کو مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے تحت لانے کا منصوبہ

اسمارٹ فیئر کلیکشن اور روٹس کی انٹیگریشن پر بھی کام کیا جا رہا ہے، سینیئر وزیر شرجیل میمن


ویب ڈیسک November 26, 2026

کراچی:

کراچی کے تمام بی آر ٹی سسٹمز کو ایک مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے تحت لانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے، سینیئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ اسمارٹ فیئر کلیکشن اور روٹس کی انٹیگریشن پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن سے غیر ملکی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تکنیکی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر احمد چنہ، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے شعیب احمد ملک اور ریڈ لائن و ییلو لائن منصوبوں کے حکام شریک ہوئے۔

وفد نے ٹرانسپورٹ منصوبوں میں سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر سلوشنز، ڈیٹا سینٹرز اور مربوط نظام کے حوالے سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں تھرڈ جنریشن بی آر ٹی نظام اور مربوط پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کے لیے جدید ترین تکنیکی حل پر گفتگو کی گئی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تمام بی آر ٹی سسٹمز کو ایک مربوط آپریشنل نظام اور مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے تحت لانے پر کام کر رہی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، اسمارٹ فیئر کلیکشن سسٹم اور مختلف ٹرانسپورٹ روٹس کی باہمی انٹیگریشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسا مربوط ٹرانسپورٹ نیٹ ورک تشکیل دینا ہے جہاں مختلف بی آر ٹی لائنز کے آپریشنز اور روٹس کی نگرانی ایک جدید اور مؤثر نظام کے تحت ہو، سندھ حکومت کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو جدید، مؤثر اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں، شرجیل انعام میمنٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید سافٹ ویئر، ہارڈ ویئر، ڈیٹا سینٹرز اور مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔