وفاقی کوٹے میں تاخیر، پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں شکار کا سیزن متاثر ہونے کا خدشہ

پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لیے ٹرافی ہنٹنگ کا کوٹہ وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات مختص کرتی ہے


آصف محمود November 26, 2026

وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کی جانب سے رواں سال ٹرافی ہنٹنگ کا کوٹہ مختص نہ کیے جانے کے باعث پنجاب سمیت متعلقہ صوبوں اور گلگت بلتستان میں شکار کے سیزن کے انتظامات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پنجاب میں اُڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ کا سیزن یکم دسمبر سے مارچ تک جاری رہتا ہے جس میں غیرملکی شکاری بھی شرکت کرتے ہیں، تاہم محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کی جانب سے اُڑیال کے سروے کے بعد کوٹہ مختص کرنے کے لیے وفاقی وزارت کو مراسلہ بھیجے جانے کے باوجود تاحال منظوری نہیں مل سکی، جس کے باعث پرمٹس کی نیلامی اور دیگر انتظامات بروقت مکمل ہونے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لیے ٹرافی ہنٹنگ کا کوٹہ وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات مختص کرتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے لیے بھی وفاقی سطح پر شکار کا کوٹہ مقرر کیا جاتا ہے۔

کوٹہ مختص ہونے کے بعد متعلقہ صوبائی اور علاقائی محکمہ جنگلی حیات پرمٹس کی نیلامی کرتے ہیں، جس سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ مقامی کمیونٹیز کو جنگلی حیات کے تحفظ اور نگرانی کے اقدامات کے لیے فراہم کیا جاتا ہے۔

محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ کوٹے کی تقسیم سے متعلق وفاقی سطح پر اب تک صرف ایک اجلاس ہوا ہے، تاہم اس میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

ان کے مطابق کوٹہ مختص ہونے کے بعد صوبائی محکمہ اخبارات میں نیلامی کا اشتہار جاری کرتا ہے، جس کے لیے کم از کم 15 دن درکار ہوتے ہیں، اس کے بعد شکاریوں اور آؤٹ فٹرز کی جانب سے پیشکشیں وصول کی جاتی ہیں اور نیلامی کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔

اہلکار کے مطابق کوٹے کی منظوری میں تاخیر سے ٹرافی ہنٹنگ کے انتظامات اور سیزن کے بروقت آغاز پر اثر پڑ سکتا ہے۔ پنجاب میں اس وقت اُڑیال کے تحفظ اور ٹرافی ہنٹنگ پروگرام سے منسلک چار کمیونٹی بیسڈ کنزرویسیز رجسٹرڈ ہیں۔

پنجاب کو گزشتہ سال ٹرافی ہنٹنگ کے لیے 16 اُڑیال پرمٹس کا کوٹہ مختص کیا گیا تھا، جنہیں صوبائی محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے نیلامی کے ذریعے فروخت کیا۔

جنوری 2025 میں دو سال کے وقفے کے بعد ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کی بحالی کے موقع پر 16 پرمٹس مجموعی طور پر 3 لاکھ 28 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئے تھے۔ فی پرمٹ قیمت 20 ہزار 500 ڈالر جبکہ اضافی 500 ڈالر فیس مقرر تھی، جس کے نتیجے میں ایک پرمٹ کی مجموعی قیمت تقریباً 21 ہزار ڈالر بنتی تھی۔ گزشتہ سال نیلامی سے پنجاب وائلڈ لائف کو تقریباً 91.5 ملین پاکستانی روپے آمدن ہوئی تھی، جبکہ حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد مقامی کمیونٹی بیسڈ کنزرویسیز کو جنگلی حیات کے تحفظ، نگرانی اور افزائش کے اقدامات کے لیے دینے کا منصوبہ تھا۔

دوسری جانب بلوچستان میں گزشتہ سال ٹرافی ہنٹنگ کے لیے سلیمان مارخور کے 4، افغان اُڑیال کے 12، بلینڈفورڈ اُڑیال کے 34، سندھ آئی بیکس کے 34 اور کینیون غزال کے 8 پرمٹس کا کوٹہ مختص کیا گیا تھا۔

خیبرپختونخوا میں 2025 کے شکار پروگرام کے تحت 10 مارخور، 31 آئی بیکس اور 6 گرے گورال کے کوٹے کی نیلامی کی گئی، جبکہ 9 نان ایکسپورٹیبل مارخور پرمٹس کی نیلامی سے 5 لاکھ 53 ہزار ڈالر آمدن رپورٹ ہوئی۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ سال ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت استور مارخور کے 4 ایکسپورٹیبل پرمٹس، بلیو شیپ کے 8 ایکسپورٹیبل اور 6 نان ایکسپورٹیبل پرمٹس جبکہ ہمالین آئی بیکس کے 50 ایکسپورٹیبل اور 50 نان ایکسپورٹیبل پرمٹس مختص کیے گئے تھے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو جون 2026 میں بتایا گیا تھا کہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد مقامی کمیونٹیز جبکہ 20 فیصد حکومت کو ملتا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی وماحولیات کے حکام نے بتایا کہ صوبوں کے لئے ٹرافی ہنٹنگ کوٹہ کا اعلان جلد کیا جائیگا۔

ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کو جنگلی حیات کے تحفظ، مقامی آبادی کی شراکت اور کمیونٹی کنزرویسیز کے مالی وسائل سے منسلک کیا جاتا ہے۔ پرمٹس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ مقامی آبادی کو جنگلی حیات کے تحفظ، نگرانی اور افزائش کے اقدامات میں شریک رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، تاہم وفاقی کوٹے کی منظوری میں تاخیر سے رواں سال متعلقہ علاقوں میں شکار کے سیزن اور نیلامی کے انتظامات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔