بنگلہ دیش میں گارمنٹس ورکرز کے احتجاج میں شدت، پولیس کی آنسو گیس شیلنگ

مزدوروں کے کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کے باعث متعدد فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں


ویب ڈیسک November 27, 2026

بنگلہ دیش میں کم از کم اجرت میں اضافے کے مطالبے پر احتجاج کرنے والے گارمنٹس ورکرز کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل برسائے اور ساؤنڈ گرینیڈ استعمال کیے، جبکہ مظاہرین نے ایک پولیس موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو دارالحکومت ڈھاکا کے قریب صنعتی مرکز غازی پور میں تازہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب مظاہرین نے زیادہ اجرت کے مطالبے پر ایک اہم شاہراہ بند کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے ایک پولیس موٹر سائیکل کو نذر آتش کیا، تاہم بعد ازاں صورت حال پر قابو پالیا گیا۔

غازی پور انڈسٹریل پولیس کے سپرنٹنڈنٹ محمد امجد حسین نے بتایا کہ علاقے میں اب صورت حال پُرسکون ہے، تاہم پولیس ہائی الرٹ ہے۔

یہ احتجاج ایک روز قبل حکومت کی مقرر کردہ چھ رکنی کمیٹی کی جانب سے گارمنٹس ورکرز کی کم از کم اجرت میں 36 فیصد اضافے کی منظوری کے بعد شروع ہوا۔ یہ اضافہ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران سب سے کم قرار دیا گیا ہے، جبکہ مزدور کئی ہفتوں سے کم از کم اجرت دوگنا کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

اجرت میں اضافے کا فیصلہ بدھ کی علی الصبح مزدوروں اور مالکان کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے کے مذاکرات کے بعد کیا گیا، تاہم اس اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی احتجاج شروع ہوگیا۔

مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ 36 فیصد اضافہ مزدوروں کے مطالبات سے بہت کم ہے اور اس سے انہیں باعزت زندگی گزارنے کے لیے درکار آمدن حاصل نہیں ہوسکے گی۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں گارمنٹس انڈسٹری سے 40 لاکھ سے زائد افراد وابستہ ہیں۔ مزدوروں کے کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کے باعث متعدد فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں، شاہراہیں بلاک ہوئی ہیں، املاک کو نقصان پہنچا ہے اور صنعتی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔

بنگلہ دیش میں مزدوروں کے احتجاج کے ساتھ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی بھارت میں جلاوطنی کے بعد وطن واپسی کے منصوبے پر سیاسی کشیدگی اور تشدد نے بھی ملک میں دوبارہ عدم استحکام کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ بنگلہ دیش چین کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا گارمنٹس برآمد کنندہ ملک ہے۔