ریل گاڑی کے پاور پلانٹ میں چھپائے گئے کتے برآمد، آپریٹر کو ہزاروں روپے جرمانہ

ٹرین پلانٹ آپریٹر مبینہ طور پر پانچ ہزار روپے کے عوض کراچی سے دو کتے بغیر بکنگ لے کر آرہا تھا


طالب فریدی November 27, 2026

لاہور:

پاکستان ریلویز پولیس اسپیشل برانچ نے کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال ایکسپریس کے پاور پلانٹ سے بغیر بکنگ دو کتے برآمد کر لیے۔

خفیہ اطلاع پر ریلویز پولیس نے علامہ اقبال ایکسپریس (9-UP) کی چیکنگ کے دوران دو کتے پکڑ لیے، ٹرین پلانٹ آپریٹر مبینہ طور پر پانچ ہزار روپے کے عوض کراچی سے دو کتے بغیر بکنگ لے کر آرہا تھا۔

خفیہ اطلاع پر ریلویز پولیس نے رائیونڈ اسٹیشن پر ٹرین چیکنگ کی تو اس کے اندر دو اعلیٰ نسل کے کتے پائے گئے، ان دونوں کتوں کو کوٹ لکھپت اسٹیشن پر ایک شخص کے حوالے کیا جانا تھا۔

ریلویز پولیس نے ٹرین کے پلانٹ آپریٹر محمد خان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی اور پلانٹ آپریٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ریلویز پولیس نے کتوں کو چارج کروا کے 7ہزار690 روپے جرمانہ ریلوے ریونیو میں جمع کروایا۔

ریلویز پولیس رائیونڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بغیر بکنگ جانوروں کی منتقلی کی کوشش ناکام بنا دی، ریلوے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔