پاک، سعودی، ترکیہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر اہم اجلاس، اعلامیہ جاری

تینوں ممالک کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اعادہ


ویب ڈیسک November 28, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی تزویراتی، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کا تینوں ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے شرکت کی اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور 31 اگست 2026 کو استنبول اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہونے والے گزشتہ اجلاسوں کے بعد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب میں دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا گیا۔ اجلاس میں اراکین نے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے، کشیدگی میں کمی کی حمایت کرنے اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کی سلامتی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تینوں ممالک نے اجتماعی دفاعی صلاحیتوں اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے دفاعی صنعت، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کا عہد بھی کیا۔