آزاد کشمیر میں کالعدم کمیٹی کی مسلح سرگرمیوں کے مبینہ شواہد سامنے آگئے، ریاستی اداروں کو کھلی دھمکیاں دیں جب کہ آزاد کشمیر میں کالعدم کمیٹی کی مسلح سرگرمیوں سے متعلق ایک اور ویڈیو منظرِ عام پر آگئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں کالعدم کمیٹی سے مبینہ طور پر وابستہ شہزاد مسلح افراد کے ہمراہ دکھائی دے رہا ہے، ویڈیو میں شہزاد ریاستی اداروں کو کھلی دھمکیاں دیتے ہوئے مسلح افراد کو ریاست پر حملوں کیلئے تیار رہنے کی ہدایات دے رہا ہے۔
شہزاد نے عوام کے ووٹوں سے منتخب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان کیلئے بھی توہین آمیز زبان استعمال کی، مسلح افراد کی موجودگی اور ریاست پر حملوں کی دھمکیوں نے عوامی حقوق کی آڑ میں جاری سرگرمیوں پر سنگین سوالات اٹھا دیے۔
آزاد کشمیر میں مسلح جتھوں کی سرگرمیاں شہریوں کے جان و مال، امن عامہ اور ریاستی نظم و نسق کیلئے سنگین خطرہ ہیں، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی متفقہ قرارداد کے ذریعے مسلح جتھوں کے خاتمے اور ریاستی رٹ کی بحالی کا دوٹوک مطالبہ کر چکی ہے۔
کالعدم کمیٹی پر دہشت گردی، تخریب کاری اور بھارتی سرپرستی میں بدامنی پھیلانے کے الزامات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں، حالیہ ویڈیو کے تناظر میں مسلح جتھوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کے ذرائع کی جامع تحقیقات ناگزیر ہیں۔
آزاد کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق، جان و مال اور آزادانہ نقل و حرکت کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، عوامی حقوق کے نام پر اسلحہ اٹھانے، شہریوں کو یرغمال بنانے اور ریاستی اداروں پر حملوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔