وفاقی پولیس نے مولانا فضل الرحمان کے بیٹے کی گرفتاری کی تردید کردی

سوشل میڈیا پر مولانا اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی خبر بے بنیاد اور جھوٹی ہے۔


نعیم اصغر November 28, 2026

وفاقی پولیس نے مولانا فضل الرحمان کے بیٹے کی گرفتاری کی تردید کردی جبکہ سینیٹر کامران مرتضی ساتھیوں سمیت مولانا اسجد سے ملاقات کیلئے تھانے میں موجود ہیں۔

مولانافضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کو سیل کرنے کے بعد جے یو آئی راہنماوں کے مطابق ان کے بیٹے کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، جس سے ملاقات کیلئے جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضی وکلاء کے ہمراہ تھانہ سیکرٹریٹیں موجود ہیں۔

دوسری جانب وفاقی پولیس نے مولانا اسجد محمودکی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے سوشل میڈیا پر مولانا اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی خبر بے بنیاد اور جھوٹی ہے۔ مولانا اسجد محمود کو گرفتار نہیں کیا گیا، اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی کارروائی کی گئی ہے،عوام سے گزارش ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور غیر مصدقہ خبروں کو آگے نہ پھیلائیں۔

 

قبل ازیں ترجمان جے یو آئی کے بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے کو گرفتار کرلیا گیا۔

میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان سے جاری بیان کے مطابق ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا  کہ حکومتی فسطائیت کا سلسلہ جاری ہے اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان اسلم غوری کے مطابق انتظامیہ نے اہل خانہ کوگھر سے نکال کر اسے سیل کردیا ہے ، جس کے بعد اہل خانہ وہاں سے روانہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر میں میاں شہباز شریف حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ قائد جمعیت نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں ، ہم صبر وتحمل سے جبر کا مقابلہ کریں گے۔ کارکن پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔