صدر، وزیراعظم کا فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا


ویب ڈیسک November 29, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام اور ان کی آزادی، وقار اور حق خودارادیت کے جائز حق کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر آج اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اس وقت تک مضبوطی سے کھڑا رہے گا جب تک وہ حق خودارادیت استعمال کرنے اور آزادی، وقار اور پائیدار امن کے ساتھ اپنی آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط ریاست میں رہنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔

صدر آصف علی زرداری نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابلِ اعتماد سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس اور با مقصد اقدامات کریں جو جون انیس سو سڑسٹھ سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور پائیدار حل مشرق وسطیٰ میں جامع اور پائیدار امن و استحکام کے لیے نا گزیر ہے۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن صرف اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے سے ہی ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام   فلسطین کے شہدا کو خراج عقیدت اور آزاد سرزمین فلسطین کے لئے برسر پیکار فلسطینی عوام کی ہمت حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ  فلسطینی عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں،  فلسطینی عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں،  پاکستان کا ہر شہری فلسطینی بہن بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے۔