کراچی میں سندھ ترقی پسند پارٹی کی’’سندھ میری ماں‘‘ ریلی نکالی جائے گی جب کہ سکیورٹی کے باعث فوارہ چوک کے اطراف متعدد سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردی گئیں۔
سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کراچی روانہ ہوگئے، وہ آج ’’سندھ میری ماں‘‘ ریلی کی قیادت کریں گے۔ ڈاکٹر قادر مگسی دوپہر ایک بجے گھگھر پھاٹک پہنچیں گے اور وہاں سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے فوارہ چوک پہنچیں گے۔
سندھ کے مختلف اضلاع اور علاقوں سے آنے والے قافلے مختلف مقامات پر ریلی میں شامل ہوں گے۔
ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا ہے کہ آج سندھ کے عوام ایک نئی تاریخ رقم کریں گے اور نسل پرستی و لسانی سیاست کو مسترد کریں گے۔ سندھ کے عوام ثابت کریں گے کہ ہم سب سندھ کی اولاد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ ایک تاریخی اور فطری مادرِ وطن ہے، سندھ کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے خواب دیکھنے والے خود خاک میں مل جائیں گے۔
سکیورٹی وجوہات کے باعث فوارہ چوک کے اطراف مختلف سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردی گئیں۔ کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق صبح 9 بج کر 47 منٹ پر فوارہ چوک سے تھانہ گلی جانے اور آنے والے دونوں اطراف ایوان صدر روڈ ٹریفک کے لیے بند کی گئی، جبکہ صبح 10 بج کر 2 منٹ پر دین محمد وفائی روڈ کے دونوں اطراف ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق صبح 11 بج کر 6 منٹ پر فوارہ چوک سے میری ویدر جانے اور آنے والے دونوں اطراف عبداللہ ہارون روڈ بھی سکیورٹی وجوہات کے باعث بند کردی گئی۔
ٹریفک کو فوارہ چوک سے زینب مارکیٹ، تھانہ گلی سے کھجور چوک، ایم آر کیانی چورنگی سے تھانہ گلی اور میری ویدر سے آواری ٹاور کی جانب شاہراہ فیصل کی طرف متبادل راستوں پر بھیجا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار سڑکوں پر موجود ہیں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ شہری متبادل راستوں سے متعلق رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔