صوبائی پیغامِ امن کمیٹی سندھ کے کوآرڈینیٹر اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات آئنی فورمز اور مذاکرات سے حل کیے جائیں، مسلم دنیا اور علاقائی امن کےلئے پاکستان کا موثر کردار قومی یکجہتی کا تقاضہ کرتاہے، مکہ دفاعی معاہدہ اجلاس کا انعقاد پاکستان کی عالمی اہمیت اور سفارتی اعتماد کا مظہر ہے۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی محاذ آرائی کے بجائے تمام سیاسی قیادت، قومی اداروں اور عوام کو ملکی مفاد میں متحد ہوکر کردار ادا کرنا چاہیے۔ معاشی مشکلات، سیاسی عدم استحکام اور امن و امان کے مسائل سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت، تحمل اور قومی مفاہمت کی فضا قائم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اور معاملات کا حل سڑکوں پر کشمکش کے بجائے پارلیمنٹ، آئینی فورمز اور مذاکرات کی میز پر تلاش کیا جائے۔ اختلافِ رائے جمہوری نظام کا حصہ ہے، تاہم اسے دشمنی اور باہمی محاذ آرائی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ سیاسی قیادت ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرے۔
ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو مزید مستحکم کرنے اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو فروغ دینے کے لیے داخلی اتحاد اور سیاسی استحکام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ مسلم دنیا کے مسائل اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کا مؤثر کردار بھی قومی یکجہتی کا تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے علماء، سیاسی قیادت، سماجی شخصیات اور تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔