راولپنڈی میں مزید 2 مبینہ پولیس مقابلے، 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

ضلع بھر میں آٹھ روز کے دوران پولیس مقابلوں کی مجموعی تعداد 23 ہوگئی


صالح مغل November 29, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی:

راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیس کے دو مبینہ مقابلوں میں مزید دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، جس کے بعد ضلع بھر میں آٹھ روز کے دوران پولیس مقابلوں کی مجموعی تعداد 23 ہوگئی۔

ان واقعات میں چار ملزمان ہلاک جبکہ 19 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او راولپنڈی سردار غیاث گل کی ہدایت پر انتہائی مطلوب اور خطرناک ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

اس دوران تھانہ رتہ امرال کی حدود میں پولیس سے مزاحمت کرنے والا ملزم علیان عرف کالو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ ملزم قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری تھا۔

اسی طرح تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں پولیس سے مزاحمت کرنے والے ملزم جمعہ باز کو بھی زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔ دونوں ملزمان کے قبضے سے دو کلو گرام منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران 22 نومبر کو چار، 23 نومبر کو دو اور 25 نومبر کو تین پولیس مقابلے رپورٹ ہوئے، جبکہ 26 نومبر کو سب سے زیادہ چھ مقابلے ہوئے۔ ان مقابلوں کے دوران کلرسیداں میں افتخار اور صدر بیرونی میں اظہر ہلاک ہوئے۔ 27 نومبر کو ویسٹریج اور صادق آباد میں مزید دو مقابلے رپورٹ کیے گئے، جبکہ 28 نومبر کو تھانہ رتہ امرال اور تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں دو مقابلے ہوئے۔

حکام کے مطابق آٹھ روزہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر ایک مسروقہ گاڑی، آٹھ مسروقہ موٹر سائیکلیں، چار لاکھ روپے نقدی، موبائل فون، اسلحہ اور 15 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔