ڈیرہ اسماعیل خان کی نواحی تحصیل پہاڑپور کے علاقے خوشرانہ میں سابق ڈی ایس پی کی بیٹھک پر دستی بم حملے میں نوجوان بھتیجا جاں بحق اور دو بیٹوں سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے خوشرانہ میں سابق ڈی ایس پی مرحوم کفایت حسین بلوچ کی بیٹھک پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ان کا نوجوان بھتیجا شہید اور سابق ڈی ایس پی کے دو بیٹوں سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ واقعہ شام کو پیش آیا، جب مرحوم ڈی ایس پی کفایت حسین بلوچ کے بیٹے اور بھتیجے اپنی بیٹھک میں بیٹھ کرکھانا کھا رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کردیا۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ دھماکے کے نتیجے میں کفایت حسین بلوچ کا نوجوان بھتیجا ثاقب حسین بلوچ سکنہ خوشرانہ شہید ہوگیا اور ان کے دو بیٹوں سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ڈیرہ میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، واقعے کی وجوہات اور حملہ آوروں سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔