وردی قانون سے بالاتر نہیں، لاہور میں پتنگ بازی کی ڈور سمیت پولیس اہلکار گرفتار

وردی یا عہدہ کسی کو قانون سے بالاتر نہیں کرتا، قانون کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی، ڈی آئی جی آپریشنز


سید مشرف شاہ November 29, 2026
فوٹو: پولیس

لاہور میں پولیس نے ڈور کی عیر قانونی ترسیل میں ملوث پولیس اہلکار سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ گرفتار پولیس اہلکار عدیل علی لاہور میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا، دوسرا گرفتار ملزم محمد احمد حسنات پرائیویٹ شہری اور پولیس اہلکار کا ساتھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ڈور کی 28 چرخیاں، تین موبائل فون اور آلٹو گاڑی برآمد ہوئی ہے، ملزمان چرڑ پنڈ کے علاقے میں گاڑی میں سوار تھے، جنہیں مشکوک جان کر چیک کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ تھانہ ڈیفنس اے میں  پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ وردی یا عہدہ کسی کو قانون سے بالاتر نہیں کرتا، قانون کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔