درگئی کے علاقے مخناولہ زیگ میں گھریلو تنازع پر سگے بھائیوں کی ایک دوسرے پر فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔
مالاکنڈ کی تحصیل درگئی کے نواحی علاقے مخناولہ زیگ، حدود چوکی وزیر آباد میں دو سگے بھائیوں کے درمیان فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں بھائی زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں کی شناخت دنیا گل اور اختر گل پسران زیارت گل، ساکنان مخناولہ زیگ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال درگئی منتقل کیا گیا، جہاں اختر گل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے زخمی دنیا گل کو تشویشناک حالت میں ایم ایم سی مردان ریفر کردیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کی وجہ مستورات کا تنازع بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے واقعے سے متعلق مزید کارروائی شروع کردی ہے۔