لاس اینجلس میں ہفتے کی صبح آنے والے زلزلے کے دوران ایک ماں کا اپنی ننھی بچی کو بچانے کا لمحہ کیمرے میں قید ہو گیا اور اب وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے۔
کیلسی سیلبی نامی خاتون گھر میں اپنی شیر خوار بیٹی کے ساتھ کھیل رہی تھیں اور اس کی مسکراہٹ کی ویڈیو بنا رہی تھیں کہ اچانک زمین ہلنے لگی۔
کیمرے میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی جھٹکے محسوس ہوئے، خاتون نے ایک سیکنڈ بھی ضائع کیے بغیر بچی کو اٹھا لیا۔
انہوں نے بچی کو اپنے سینے سے لگا کر اپنے جسم سے ڈھانپ لیا، تاکہ اوپر سے کوئی چیز گرے تو وہ بچی کو نہ لگے۔ اس کے بعد وہ بچی کی کرسی سمیت کمرے کے درمیانی اور نسبتاً محفوظ حصے کی طرف بڑھ گئیں۔
ویڈیو کے دوران زور دار آواز بھی سنائی دی اور کیمرہ بری طرح لرزتا رہا۔ کچھ دیر بعد ویڈیو اندھیری ہو گئی، لیکن لرزنے کی آواز تقریباً 30 سیکنڈ تک سنائی دیتی رہی۔
کیلسی سیلبی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی ممتا کی فطری حس فوراً جاگ اٹھی، اور انہیں خوشی ہے کہ سب محفوظ ہیں۔ اس دوران ان کے شوہر بھی دوسرے کمرے سے باہر آئے اور خاندان کو سنبھالا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں تقریباً ایک سیکنڈ میں ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ زلزلہ آ رہا ہے۔ بعد میں جب انہوں نے گھر والوں کو پیغام بھیجا تو انہیں احساس ہوا کہ پورا واقعہ ویڈیو میں ریکارڈ ہو گیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر مین ہٹن بیچ کے ساحل کے قریب 5.0 شدت کا زلزلہ آیا، جو 2014 کے بعد لاس اینجلس کے علاقے میں آنے والا سب سے شدید زلزلہ تھا۔
اس زلزلے کے بعد 90 سے زیادہ آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔