بھارتی بورڈ پر سری نواسن گروپ کی گرفت ڈھیلی پڑنے لگی

ی سی سی آئی کی جانب سے معاملے پر سوچ بچار کیلیے منگل کو ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بلالی گئی ہے۔


Sports Desk November 16, 2014
بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ جب تک معاملہ صاف نہیں ہوتا سری نواسن معطل رہیں گے۔ فوٹو؛فائل

بھارتی بورڈ پر سری نواسن گروپ کی گرفت ڈھیلی پڑنے لگی، باربار سالانہ عام اجلاس اور انتخابات ملتوی کرنے پر اعتراضات سامنے آنے لگے، بی سی سی آئی کی جانب سے معاملے پر سوچ بچار کیلیے منگل کو ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بلالی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے سری نواسن کے بورڈ صدارت سنبھالنے پر پابندی برقرار رکھنے کی وجہ سے بی سی سی آئی میں ان کے گروپ کو شدید مشکلات کا سامنا اور انکی گرفت اب ڈھیلی پڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ جب سے فکسنگ کیس شروع ہوا ہے وہ مسلسل بیک فٹ پر ہیں۔ گذشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ جب تک معاملہ صاف نہیں ہوتا سری نواسن معطل رہیں گے جسکے بعد بورڈ نے فوری طور پر اپنا سالانہ عام اجلاس اور نئے انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان بھی کردیا مگر کچھ ممبران ایسوسی ایشن کی جانب سے ان اہم معاملات کے انعقاد میں باربار التوا پر شدید اعتراض کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اے جی ایم 30 ستمبر کو منعقد ہونی اور اس میں نئے انتخابات بھی ہونا تھے لیکن سری نواسن کو پھر سے بورڈ کا صدر بنانے کیلیے باربار یہ ملتوی کی جارہی ہیں۔ اب اپنے اس اقدام کو قانونی شکل دینے اور کسی پیچیدگی سے بچنے کیلیے منگل کو ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں اے جی ایم اور انتخابات کے التوا کے حوالے سے فیصلہ کیا جائیگا، پہلے انتخابات 20 نومبر کو ہونا تھے مگر اب اس میں مزید چار ہفتوں کے التوا کا امکان ہے جبکہ سپریم کورٹ میں اس کیس کی اگلی سماعت 24 نومبر کو ہونا ہے۔ اے جی ایم میں صرف انتخابات ہی نہیں بلکہ اور بھی کئی اہم معاملات کے حوالے سے فیصلے ہونے ہیں جن میں اکائونٹس کی منظوری دیگر اہم چیزیں شامل ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں