’’چلبلے‘‘ قومی کرکٹرز نے ٹیم منیجر کی ناک میں دم کردیا

ڈسپلن کی پابندی کیلیے مشہور نوید اکرم چیمہ کی سختی سے کھلاڑی ناراض ہیں


Saleem Khaliq March 07, 2015
پلیئرزکا ’’سیلفیز‘‘کیلیے شوق بھی پریشان کرنے لگا،معاملہ حکام کے علم میں آ چکا ۔ فوٹو : فائل

''چلبلے'' قومی کرکٹرز نے ٹیم منیجر کی ناک میں دم کر دیا، سوشل میڈیا استعمال نہ کرنے کی ہدایت ہوا میں اڑا دی،معاملے پر نوید اکرم چیمہ کئی بار باز پرس کر چکے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ میں شریک قومی کرکٹرز کو سنبھالنا ٹیم منیجر کیلیے سخت ٹاسک ثابت ہوا ہے، ڈسپلن کی پابندی کیلیے مشہور نوید اکرم چیمہ نے اب تک بہترین انداز میں فرائض انجام دیے، مگر ان کی جانب سے سختی کو کئی کھلاڑی پسند نہیں کرتے۔

انھوں نے میچ سے قبل کے دن کا الگ جبکہ دیگر دنوں میں مختلف کرفیو ٹائم بنایا ہوا ہے، کھلاڑی روک ٹوک پر ناراض ہیں، بعض نے بورڈ آفیشلز سے شکایت بھی کی کہ ان کے ساتھ سخت رویہ اپنایا جا رہا ہے، اس حوالے سے ایک سابق کپتان سے حق میں بیان بھی دلایا گیا کہ ''پلیئرزکو بچوں کی طرح ٹریٹ نہ کیا جائے''۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پلیئرز کا ''سیلفیز'' کیلیے شوق بھی منیجر کو پریشان کر رہا ہے، گذشتہ دنوں انھیں ایک عشائیہ میں جانے کی اجازت دی گئی۔ مگر بعض کھلاڑیوں نے وہاں بھی سیلفیز بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کردیں، ان پر مختلف حلقوں نے بعض ایسے کمنٹس بھی دیے جو حکام کو پسند نہیں آئے، ذرائع نے مزید بتایا کہ نوید اکرم چیمہ کے کام سے بورڈ آفیشلزخوش اور اس میں بالکل بھی مداخلت نہیں کر رہے، انھیں کہہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے طریقے سے فرائض انجام دیں مگر کوئی تنازع سامنے نہیں آنا چاہیے۔ یاد رہے کہ ابتدائی دونوں میچز میں شکست کے بعد کھلاڑیوں کی ''سیلفیز'' پر میڈیا میں خاصا مذاق بھی اڑایا گیا تھا۔