شانگلہ میں گاڑی کے کھائی میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق 5 زخمی

ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم اس کی اصل وجوہات مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گی، پولیس


ویب ڈیسک April 24, 2015
زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ فوٹو: فائل

بشام کے علاقے مونجی میں پک اپ گاڑی لاہور نالے کے قریب کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں خاتون اور 2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جب کہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شانگلہ میں بشام کے علاقے مونجی میں کوہستان جانے والی پک اپ گاڑی لاہور نالے کے قریب کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک خاتون اور2 بچے بھی شامل ہیں، حادثے میں 5 افراد زخمی بھی ہیں جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم اس کی اصل وجوہات مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گی جب کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشوں کو کھائی سے نکال لیا گیا ہے۔