انتخاب عالم کو قومی ٹیم کا منیجر مقرر کرنے کی تیاری

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سربراہی سنبھالنے والے نویداکرم چیمہ کا خلا پُر کریں گے


Sports Reporter September 19, 2015
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سربراہی سنبھالنے والے نویداکرم چیمہ کا خلا پُر کریں گے فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پی سی بی نے انتخاب عالم کو بھی نئی ذمہ داریاں سونپنے کی تیاریاں کرلیں، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا سربراہ مقرر کیے جانے والے نوید اکرم چیمہ کا خلا پُرکرنے کیلیے قومی ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا قوی امکان ہے.

تفصیلات کے مطابق رواں برس شیڈول پاک، بھارت سیریز خطرے میں دیکھ کر پی سی بی نے بڑی تعداد میں ملازمین کو فارغ کرنے کا پروگرام بنایا ہے، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کا عہدہ ختم کرکے ذاکر خان کو قومی اے اور انڈر19 ٹیموں کی مینجر کی ذمہ داری سونپنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جاچکا، اب ڈائریکٹر ڈومیسٹک کا عہدہ بھی ختم کرکے انتخاب عالم کو عبوری منیجر کی حیثیت سے قومی ٹیم کے ہمراہ زمبابوے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قبل ازیں یہ ذمہ داری نبھانے والے نوید اکرم چیمہ کو وزیراعظم نوازشریف نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا سربراہ مقررکیا ہے، ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد وہ آئندہ ہفتے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

انھوں نے جمعے کو قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے ملاقات میں اپنی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا، نوید چیمہ نے بورڈ کے سربراہ کو بتایا کہ اب وہ قومی ٹیم کے منیجرکی حیثیت سے مزید ذمہ داری نہیں نبھا سکتے، ذرائع کے مطابق نوید اکرم چیمہ کی معذرت نے حکام کی مشکل آسان بنا دی اور انتخاب عالم کو ٹیم منیجر مقرر کرنے کا قوی امکان ہے۔

حتمی اعلان چند روز تک ہوگا۔غیر رسمی بات چیت میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے کہاکہ دورئہ زمبابوے کیلیے عارضی منیجر کا اعلان دو، تین روز تک کیا جائے گا،کسی موزوں شخص کی مستقل تقرری کا فیصلہ باہمی مشاورت سے انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل کر لینگے۔