قومی ٹی20اسکواڈ نے زمبابوے کیلیے اُڑان بھرلی

10 رکنی بھاری بھرکم آفیشلز کا دستہ بھی ہمراہ، پہلا مقابلہ اتوار کو ہوگا، ون ڈے اسکواڈ میں شامل پلیئرز بعد میں جائیں گے


Sports Reporter September 24, 2015
10 رکنی بھاری بھرکم آفیشلز کا دستہ بھی ہمراہ، پہلا مقابلہ اتوار کو ہوگا، ون ڈے اسکواڈ میں شامل پلیئرز بعد میں جائیں گے فوٹو فائل

قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے لیے اڑان بھرلی جہاں قومی ٹیم 2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچ کھیلے گی۔

15 رکنی اسکواڈ شاہد آفریدی کی زیرقیادت بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے ہرارے روانہ ہوا۔ گرین شرٹس کا میزبان سائیڈ سے پہلا مقابلہ 27 ستمبر کو شیڈول ہے۔

سلیکٹرز نے دورے کے لیے اسکواڈ میں محمد حفیظ، احمد شہزاد، مختار احمد، عمر اکمل، صہیب مقصود، شعیب ملک، شاہد آفریدی، عامر یاسین، محمد عرفان، بلال آصف، وہاب ریاض، عماد وسیم، سہیل تنویر، محمد رضوان(وکٹ کیپر) اور عمران خان جونیئر کو منتخب کیا ہے۔

10 آفیشلز بھی زمبابوے روانہ ہوئے، ان میں وقار یونس ہیڈ کوچ، مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ، گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ، گرانٹ لیوڈن فیلڈنگ کوچ و ٹرینر، ڈاکٹر سہیل سلیم فزیو تھراپسٹ، شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹیم منیجر، میجر اظہر عارف سیکیورٹی منیجر، طلحہ بٹ کرکٹ اینالسٹ اور ملنگ علی مساجر شامل ہیں۔ نوید اکرم چیمہ کی جگہ انتخاب عالم ٹیم منیجرکے فرائض انجام دیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایک روزہ ٹیم 28 ستمبر کو جائے گی۔ کپتان اظہر علی ، اسد شفیق اورسرفراز احمد حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد 27 تاریخ کو پاکستان پہنچیں گے اور اگلے روز ٹیم کے ہمراہ زمبابوے روانہ ہوں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں جیت کے حوالے سے قومی ٹیم کو برتری حاصل ہے، ان مقابلوں میں پاکستان ناقابل شکست رہا، دونوں ٹیمیں2008 سے 2015 تک دنیا کے مختلف گراؤنڈزپر7 بار آمنے سامنے آئیں، زمبابوے کیخلاف مصباح الحق ،شاہد آفریدی اور محمد حفیظ 2،2 جب کہ شعیب ملک ایک میچ میں قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

گرین شرٹس نے 4 مقابلوں میں افریقی سائیڈ کو اسی سرزمین پر ہرایا، حال ہی میں لاہور میں کھیلے گئے دونوں مقابلے بھی پاکستان کے ہی نام رہے تھے، ایک میچ کینیڈا میں کھیلا گیا جس میں بھی گرین شرٹس نے با آسانی کامیابی حاصل کی۔ حریف سائیڈ کیخلاف مقابلوں کی تیاری کیلیے قومی کھلاڑیوںکا مختصر کیمپ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں لگایا گیا تھا۔

جس میں فیلڈنگ، بیٹنگ اورفٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ہرارے میں2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیلے گی ۔27ستمبر کو پہلامقابلہ شیڈول ہے، دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 29 تاریخ کو ہوگا۔ ایک روزہ سیریز کا آغاز یکم اکتوبر سے ہونا ہے۔