جوہر جونیئر ہاکی فتح کیلئے پاکستان کا انتظار طویل ہو گیا

پہلے راؤنڈ کے اختتامی مقابلے میں میزبان ملائیشیا نے بھی 1-3 سے ہرادیا.


Sports Reporter October 18, 2015
قومی ٹیم آج ایونٹ میں پانچویں، چھٹی پوزیشن کیلیے آسٹریلیا کا چیلنج درپیش ہوگا۔ فوٹو: فائل

سلطان آف جوہرجونیئر ہاکی کپ میں پاکستان کا فتح کیلیے انتظار طویل ہوگیا، پہلے راؤنڈکے آخری میچ میں بھی شکست مقدر بنی، میزبان ملائیشیا نے گرین شرٹس کو3-1 سے زیرکرکے ایونٹ میں وکٹری اسٹینڈ پر پہنچنے کی امید قائم کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہرجوہر بارو میں جاری سلطان آف جوہر جونیئرہاکی کپ میں پاکستانی ٹیم فتح کو ترستی رہ گئی اور راؤنڈ کا آخری میچ بھی ہار گئی۔ یاد رہے کہ ایونٹ کے دوران پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر 5 میچز میں حصہ لیا، 4 میں ناکامی کا سامنا رہا جبکہ انگلینڈ کیخلاف واحد میچ برابر کرنے میں کامیاب رہی، حریف سائیڈز کے خلاف صرف 5گول کر سکی جبکہ 17گول اس کے خلاف ہوئے۔

تمن دایا اسٹیڈیم میں گزشتہ روز ہونے والے میچ میں میزبان ملائیشیا نے پاکستان کیخلاف کھیل کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدائی 7 منٹوں میں ہی 2گول کی برتری حاصل کر لی۔ پاکستانی ٹیم نے گول کا خسارہ کم کرنے کی بھرپورکوشش کی لیکن فارورڈز کے ناقص کھیل کی بدولت کوچزکی یہ حکمت عملی کامیاب نہ ہو سکی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر اسکور 2-0 رہا، دوسرے ہاف میں بھی ملائیشیا نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور62 ویں منٹ میں پنالٹی کارنرپرگول بناکر اسکور 3-0 کر دیا۔

کھیل ختم ہونے سے صرف2 منٹ قبل ابومحمود نے پنالٹی کارنرپرگیندکوجال کی راہ دکھاکراسکور 3-1 کردیا۔پورے ٹورنامنٹ میں انتہائی غیر معیاری کھیل پیش کرنے والی قومی ٹیم اتوار کو پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا میچ آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس کے ایڈیشن میں بھی پاکستان جونیئر ٹیم آخری پوزیشن پر آئی تھی، ٹیم کی اس شرمناک شکست کے بعد اس وقت کے صدر پی ایچ ایف اختررسول نے منظورالحسن کی سربراہی میں قائم ٹیم مینجمنٹ کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔

ادھردفاعی چیمپئن بھارت نے گزشتہ روز آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے میں 1-0 سے ہراکرایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ رکھا۔انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں ارجنٹائن کو 3-0 سے زیر کرکے ایونٹ کے فائنل میں جگہ پکی کی۔ دفاعی چیمپئن بھارت فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے لیے انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ کے لیے ملائیشیا اور ارجنٹائن کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

دوسری جانب پہلے راؤنڈکے اختتام پربھارت12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، بلیو شرٹس نے5میچزمیں حصہ لیکر4 میچز میں کامیابی حاصل کی، انگلینڈ 11 پوانٹس کے ساتھ دوسرے اور ملائیشیا کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ہمراہ تیسرے نمبر پر ہے، ارجنٹائن کی ٹیم کے بھی 7 پوائنٹس ہیں تاہم گول اوسط کے حساب سے اس کا چوتھا نمبر ہے۔ آسٹریلیا 4پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور پاکستان ایک پوائنٹ کے ہمراہ جوہر کپ میں آخری نمبر پر ہے۔