جونیئر ہاکی ایشیا کپ پاکستان کو آج بنگلہ دیش کا چیلنج درپیش

کسی کو کمزور تصور نہیں کرتے (طاہر زمان) بھارت اور جاپان کی ٹیمیں مدمقابل، کوریا کا مقابلہ اومان سے ہوگا


Sports Reporter November 14, 2015
چیف کوچ فاتحانہ آغاز کے لیے پُرعزم،کسی کو کمزور تصور نہیں کرتے (طاہر زمان) بھارت اور جاپان کی ٹیمیں مدمقابل، کوریا کا مقابلہ اومان سے ہوگا فوٹو: فائل

جونیئر ہاکی ایشیاکپ کا آغاز ہفتے کو ملائیشیا میں ہوگا، پاکستان کو افتتاحی مقابلے میں بنگلہ دیش کا چیلنج درپیش ہے۔

ہیڈ کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ3اہم کھلاڑیوں کی انجریز کے سبب ٹیم پریکٹس میچزمیں عمدہ پرفارم نہ کر سکی، اب سب فٹ اور حریف کو زیر کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کے لیے پُرعزم ہیں، دوسرے میچ میں بھارتی ٹیم جاپان کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، بلو شرٹس کوچ ہریندرا سنگھ نے کہاکہ ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر اور پورے ٹورنامنٹ میں تماشائیوں کی طرف سے بھر پور سپورٹ ملنے کی امید ہے۔

تفصیلات کے مطابق جونیئر ایشیاکپ ہفتے سے ملائیشیا کے شہر کوآنٹن میں شروع ہوگا، 14سے22 نومبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں شریک 8 ٹیموں کو2 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے،اے میں بھارت، ملائیشیا، جاپان اور چین جبکہ بی میں کوریا، پاکستان، اومان اور بنگلہ دیش شامل ہیں،افتتاحی روز 4 میچز کھیلے جائیں گے، گرین شرٹس اپنی مہم کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے کریں گے،کوریا کا مقابلہ اومان سے ہوگا، گروپ بی میں ملائیشیااور چین کا ٹاکرا شیڈول ہے جبکہ آخری میچ میں بھارت اورجاپان کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

پہلے مرحلے میں کسی بھی ٹیم کی جیت یا ہار ایونٹ کے نتائج پر اثر انداز نہیں ہوگی تاہم سیمی فائنل تک رسائی کیلیے ٹیموں کا کوارٹر فائنلز جیتنا ضروری ہے۔ جونیئر ایشیا کپ آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ کا حصہ بھی ہے، ایشیا کپ میں گرین شرٹس کا ٹاپ فور ٹیموں میں شامل ہونا ضروری ہے، دوسری صورت میں ٹیم جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم رہ سکتی ہے۔کوچ طاہر زمان نے کہاکہ ٹیم ایشیا کپ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔

نمائندہ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ مبشر،اظفر یعقوب اور شان ارشاد ملائیشیا پہنچ کر انجریز مسائل کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے ٹیم پریکٹس میچز میں توقعات کے مطابق کھیل پیش نہ کر سکی، اب یہ کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنا ہے اور اس کے بعد ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔

ایک سوال پر طاہر زمان نے کہا کہ جدید ہاکی میں کسی کو بھی آسان نہیں لیا جا سکتا، بنگلہ دیش کے خلاف ہفتے کو شیڈول میچ کو بھی آسان نہیں لیں گے بلکہ بھر پور تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دریں اثنا میڈیا سے گفتگو میں بھارتی کوچ ہریندرا سنگھ نے کہاکہ ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر اور ہمیں پورے ٹورنامنٹ میں تماشائیوں کی بھر پور سپورٹ ملنے کی امید ہے۔ انھوں نے کہا کہ جاپان سخت حریف اور اس کے کھلاڑی تیز کھیلتے ہیں، ہم نے افتتاحی میچ کیلیے دفاع اور اٹیک کے شعبوں پر بھرپور محنت کی اور ہم شاندار مقابلے کیلیے پُر امید ہیں۔ کپتان ہرجیت سنگھ نے کہا کہ پوری ٹیم نے کوچ ہریندرا سنگھ کی نگرانی میں بھر پور تیاری کی، نیچرل گیم کھیل کر مقابلہ اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔