جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے کوریا کو ٹھکانے لگا دیا

گرین شرٹس نے مضبوط حریف کیخلاف مقابلہ 3-0 سے جیت لیا، فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کیلیے آج اومان کا سامنا رہے گا


Sports Reporter November 16, 2015
گرین شرٹس نے مضبوط حریف کیخلاف مقابلہ 3-0 سے جیت لیا، فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کیلیے آج اومان کا سامنا رہے گا۔ فوٹو: فائل

HARIPUR: جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان نے مضبوط حریف کوریا کو بھی یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے ٹھکانے لگاکرمسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی۔

تفصیلات کے مطابق جونیئر ایشیاکپ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز بھی 4 میچزکا فیصلہ ہوا، پاکستان سمیت بنگلہ دیش، جاپان اوربھارت کی ٹیمیں حریف سائیڈزکوزیرکرنے میں کامیاب رہیں،کوآنٹن میں پہلا میچ پاکستان اور مضبوط حریف کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں گرین شرٹس نے کوریاکوتمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے مقابلہ 3-0 سے اپنے نام کیا۔

نائب کپتان محمد دلبر میچ کے ہیرو رہے، جنھوں نے 2 گول کرکے فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔یاد رہے کہ ایونٹ میں یہ پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی تھی، اس سے قبل گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک کے مقابلے میں3 گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔

میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی ٹیم انتہائی خطرناک موڈ میں نظر آئی اور اس نے کوریا ٹیم کے خلاف پے درپے حملوں کا سلسلہ شروع کیا جس کی وجہ سے8ویں منٹ میں قومی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی، محمد دلبر نے بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال کی راہ دکھادی، خسارے میں جانے کے بعد کوریا نے مقابلہ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن پاکستان ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔

پہلے ہاف کے اختتام پر اسکور 1-0رہا۔دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا اور مزید 2 گول کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔42ویں منٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف ٹیم کے ''ڈی'' کے اندر لے جانے میں کامیاب ہو گئے وہاں پر پہلے سے موجود محمد دلبر نے گول کیپر کو خوبصورت چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال کے اندر پھینک کر پاکستانی ٹیم کی برتری دگنی کردی، 49ویں منٹ میںٍ ابوبکر نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے اسکور 3-0 کر دیا۔ کھیل کے آخری 21 منٹ میں دونوں ٹیمیں بھر پور کوشش کے باوجود مزید کوئی گول نہ کر سکیں۔

دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے سخت مقابلے کے بعد اومان کو 5-4 سے شکست دی۔پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 2کے مقابلے میں 4 گول کی برتری حاصل تھی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے اشرافل اسلام نے 2 بار گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ رومن سرکار، ارشد حسین اور محمد دین نے ایک ایک گول کیا، اومان کی طرف سے محمد الواطی نے2جبکہ خالد البطشی اور عمار الصہبی نے ایک، ایک گول کیا۔ تیسرا میچ بھی انتہائی دلچسپ رہا، اس میں جاپان نے چین کو ایک کے مقابلے میں2 گول سے شکست دی۔پہلے ہاف میں جاپان کو حریف ٹیم کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل تھی۔جاپان کی طرف سے یامادا شوتا، شینا میازکی جبکہ چین کی طرف سے سولیگزنگ نے گول کیے۔چوتھے میچ میں دفاعی چیمپئن ملائیشیا کی ٹیم بھارت کے ہاتھوں 4کے مقابلے میں5 گول سے ہار گئی۔پہلے ہاف میں میزبان سائیڈ کو بلوشرٹس کے خلاف 2-1کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں بھارت نے اپنی خامیوں پر قابو پا کر مقابلہ اپنے نام کرلیا، بھارت کی طرف سے مندیپ سنگھ اور ہرمنپریت سنگھ نے 2، 2جبکہ گورجنت سنگھ نے ایک گول بنایا، ملائیشیا کے صباح شاہرل ہیٹ ٹرک بناکر نمایاں رہے، ایک گول صوفی عصمت نے اسکور کیا۔

پیر کو ایونٹ کے مزید 4 میچز ہوں گے۔ پاکستان کا مقابلہ قدرے کمزور حریف اومان کے ساتھ ہوگا، کوریا کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔ بھارت کا مقابلہ چین کے ساتھ ہوگا جبکہ جاپان کی ٹیم میزبان ملائیشیا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔ادھرپاکستان جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے جونیئر ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی مسلسل دوسری کامیابی کا سہرا کھلاڑیوں کی مشترکہ کوششوں کو قرار دیا ہے۔

ملائیشیا کے شہر کوآنٹن سے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ہمارے گروپ میں سب سے مضبوط حریف کوریا کی ٹیم تھی، اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن پر آنے کیلیے اس میچ میں فتح ضروری تھی، اللہ کا شکر ہے کہ ہم اپنے مقصد میں کامیاب رہے اور یکطرفہ مقابلے میں کوریا کو شکست دی۔طاہر زمان نے کہا کہ گروپ کی مضبوط ٹیم کے خلاف کامیابی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ایونٹ کے اگلے مقابلوں میں بھی جیت اپنے نام کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔ایک سوال پر چیف کوچ نے کہا کہ ماڈرن ہاکی میں کسی ٹیم کو کمزور قرار نہیں دیا جا سکتا، پیر کو اومان کیخلاف بھی بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور کامیابی سمیت کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔