آئندہ مقدمات کی کمپیوٹرائزڈرجسٹریشن کی جائے گی

متعارف کیے گئے کمپیوٹر سافٹ ویئر کے ذریعے انگریزی و اردو دونوں زبانوں میں ایف آئی آر درج کی جا سکے گی


Staff Reporter October 25, 2012
مقدمات کو باآسانی اور براہ راست کمپیوٹر پر درج کرنے کے ضمن میں پولیس اہلکاروں کی باقاعدہ تربیت کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں. فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

آئی جی سندھ فیاض لغاری کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ پولیس کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہر کے تمام پولیس اسٹیشنز میں نیٹ ورکنگ مکمل کرلی گئی اور آئندہ تمام مقدمات کی کمپیوٹرائزڈرجسٹریشن کی جائے گی ۔

رپورٹ کے مطابق مقدمات کو باآسانی اور براہ راست کمپیوٹر پر درج کرنے کے ضمن میں پولیس اہلکاروں کی باقاعدہ تربیت کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ابتدائی طور پر کراچی کے ہر تھانے سے 2 پولیس اہلکاروں کو ایف آئی آر ڈیٹا انٹری کی تربیت کے لیے نامزد کیا گیا ہے ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعارف کیے گئے کمپیوٹر سافٹ ویئر کے ذریعے انگریزی و اردو دونوں زبانوں میں ایف آئی آر درج کی جا سکے گی۔

بعدازاں کراچی کے تھانوں کو مرکزی کمپیوٹر سسٹم کے تحت کمپیوٹرائزڈ ایف آئی آرز کے اندراج کی سہولت کے بعد سندھ کے دیہی علاقوں میں قائم تھانوں کو بھی ایسی ہی سہولت سے آراستہ کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ سینٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی ڈیٹا بیس سرور سے انٹرلنک کرتے ہوئے جامع ڈیٹا بیس کی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے ۔