بھارت سے سیریز پاکستان کو سری لنکا میں بارش کا خدشہ

دونوں ٹیمیں کھیلے بغیر ہی واپس آجائیں تو یہ کوئی اچھی بات نہیں ہوگی، شہریار


Sports Reporter November 27, 2015
بھارت کے جوابی دورے کا وقت آیاتو سیکورٹی صورتحال دیکھ کر فیصلہ کرینگے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کو سری لنکا میں پاک بھارت سیریز کے دوران بارشوں کا خدشہ ستانے لگا،چیئرمین بورڈ شہریار خان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیمیں کھیلے بغیر ہی واپس آجائیں تو یہ کوئی اچھی بات نہیں ہوگی، بھارت کے جوابی دورے کا وقت آئے گا تو سیکورٹی کی صورتحال دیکھ کر فیصلہ کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے سری لنکا میں پاک بھارت سیریز کے دوران مقابلے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مختلف نیوٹرل وینیوز میں موزوں ترین کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممکنہ میزبان ملکوں کے کچھ مثبت اور کچھ منفی پہلو ہیں، سری لنکا میں ویسے تو کوئی مسائل نہیں، مقابلوں کے دوران بارشوں کا امکان پریشان کن ہوسکتا ہے، دونوں ٹیمیں کھیلے بغیر ہی واپس آجائیں تو یہ کوئی اچھی بات نہیں ہوگی۔

دوسری جانب بنگلہ دیش میں موسم اچھا اور پاکستان ٹیم کو بڑی سپورٹ بھی ملتی ہے، گزشتہ سیریز میں میزبان ٹیم کے مقابل کھیلتے ہوئے بھی گرین شرٹس کے پرستار بڑی تعداد میں نظر آتے رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایم او یو کو پیش نظر رکھا جائے تو کسی بھی ملک میں ہو، دسمبر میں پاکستان ہوم سیریز کھیلے گا، اس کے بعد روایتی حریفوں کے باہمی مقابلے 2سال بعد ہیں جن کی میزبانی بی سی سی آئی کریگا،ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، موقع آئے گا تو بھارت کے سیکورٹی حالات دیکھ کر فیصلہ کرینگے کہ پاکستان ٹیم بھارت میں کھیلے گی یا کہیں اور، ہوسکتاکہ اس وقت صورتحال بہت اچھی ہوجائے۔