سری لنکن کرکٹرزکے عدم انتخاب پرچہ مگوئیاں

آئی لینڈر پلیئرز کو آئندہ برس بھارت سے مجوزہ سیریز کے پیش نظر روکے جانے کا خدشہ


Sports Reporter December 22, 2015
آئی لینڈر پلیئرز کو آئندہ برس بھارت سے مجوزہ سیریز کے پیش نظر روکے جانے کا خدشہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI: پاکستان سپر لیگ ڈرافٹ میں سری لنکن کرکٹرز کا عدم انتخاب کئی سوالیہ نشان چھوڑ گیا، پلاٹینم، ڈائمنڈ اورگولڈ کیٹیگری میں شامل مختلف آئی لینڈرز کے نام سامنے آنے پر چہ مگوئیاں ہونے لگیں، کھلاڑیوں کو بھارت کے ساتھ سیریز کے پیش نظر روکے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ ڈرافٹ کیلیے سری لنکن پلاٹینم پلیئرز میںکمارسنگاکارا، تلکارتنے دلشان، لسیتھ مالنگا، جے وردنے، انجیلو میتھیوز، ڈائمنڈ میں تشارا پریرا، اجنتھا مینڈس، لاہیرو تھریمانے،گولڈ میں مناویرا، چمارا کاپوگدیرا، دنیش چندیمل، اپل تھارنگا، جیون مینڈس، سچترا سینا نائیکے، نووان کولاسیکرا شامل تھے لیکن ڈرافٹ کے عمل میں ان میں سے کسی کا نام سامنے نہیں لایا گیا جس پر خاصی حیرت کا اظہار کیا گیا، پی ایس ایل کے مقابلے 4 سے 23 فروری تک شیڈول ہیں، اس دوران 14 فروری تک ویٹرن کرکٹرز کی ماسٹرزلیگ بھی ہورہی ہوگی جس کیلیے کمارسنگاکارا اور جے وردنے کا معاہدہ ہوچکا ہوگا، تاہم دیگر کرکٹرز کو انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے ہی روکا جاسکتا ہے، ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا 31 جنوری تک مکمل ہوجائیگا جس کے بعد 24 فروری کو شروع ہونے والے ایشیا کپ تک کوئی انٹرنیشنل میچز شیڈول نہیں۔

بھارتی بورڈ نے اس دوران فارغ سری لنکا کو سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہے، اس تجویز پر عمل درآمد کی صورت میں بیشتر آئی لینڈر کرکٹرز انٹرنیشنل میچزکی وجہ سے پی ایس ایل میں شرکت نہیں کرپائیں گے، امکانی صورتحال کے پیش نظر سری لنکن بورڈ نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو پاکستانی لیگ کا حصہ بننے سے روک دیا ہے، یوں بھارت کو پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکانے کا ایک موقع اور مل جائیگا، اس حوالے سے میڈیا کے سوال پر پی ایس ایل کے سفیروں وسیم اکرم اور رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ کسی ایک ملک کے کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے ایونٹ کی مقبولیت پر زیادہ فرق نہیں پڑے گا، ڈرافٹ بڑے اچھے ماحول میں ہوئے اور فرنچائزز متوازن اسکواڈز تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گی،آئندہ ایڈیشنز میں نامور کرکٹرز کی تعداد میں اضافہ اور ان مقابلوں کی قدر بڑھتی جائے گی۔