تشہیری جوتے استعمال کرنے پرعمر اکمل ایک ڈومیسٹک میچ کی پابندی کا شکار

قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں عمر اکمل قواعد کے برخلاف معروف برانڈ کے جوتے پہن کر میدان میں چلے آئے۔


Sports Reporter January 08, 2016
قومی ون ڈے میں سوئی ناردرن کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی صورت میں عمر اکمل ٹیم کاحصہ نہیں ہوں گے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مسلسل منفی خبروں میں رہنے والے بیٹسمین عمر اکمل پابندی کی زد میں آگئے، قائد اعظم ٹرافی فائنل میں بین الاقوامی کمپنی کے تشہیری جوتے استعمال کرنے پر انھیں ایک ڈومیسٹک میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑگیا۔

ذرائع کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں یو بی ایل سے فائنل میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل قواعد کے برخلاف معروف برانڈ کے جوتے پہن کر میدان میں چلے آئے، ضابطہ کی خلاف ورزی سے متعلق رپورٹ پرعمر اکمل پر الزام ثابت ہوگیا، جس کے بعد میچ ریفری سابق ٹیسٹ کرکٹر انور خان نے ان پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی۔

عمر اکمل دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل ہیں جب کہ اتوار سے شروع ہونے والے قومی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے پول بی میں شامل سوئی ناردرن گیس کے سیمی فائنل میں رسائی کی صورت میں عمر اکمل ٹیم کا حصہ بننے سے قاصر رہیں گے، سیمی فائنلز 25 اور26 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہیں۔