پاکستان کپ بلوچستان نے پنجاب کو 12 رنز سے شکست دیدی

بلوچستان کی جانب سے شاہد ہوسف 49، عمر اکمل 47 اور بابر اعظم 41 رنز بنا سرفہرست رہے۔


ویب ڈیسک April 19, 2016
بلوچستان کی جانب سے کپتان اظہر علی 3، عمر گل اور جنید خان 2،2، وکٹیں حاصل کیں۔۔ فوٹو: پی ٹی وی

لاہور: پاکستان کرکٹ کپ کے افتتاحی میچ میں بلوچستان نے پنجاب کو 12 رنز سے شکست دے دی۔


فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں بلوچستان نے پنجاب کو 216 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پنجاب کی ٹیم 9 وکٹوں پر 203 رنز ہی بناسکی، سلمان بٹ کی پابندی کے بعد لمبے عرصے کے بعد کرکٹ میں واپسی ہوئی اور وہ صرف 9 رنز ہی بناسکے دیگر کھلاڑیوں میں اسد شفیق 33، محمد رضوان 39 اور سیف بدر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عماد بٹ 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بلوچستان کی جانب سے کپتان اظہر علی 3، عمر گل اور جنید خان 2،2، جب کہ اسامہ میر اور محمد نواز ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل پنجاب کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جب کہ بلوچستان کی پوری ٹیم 47ویں اوور میں 215 رنز آؤٹ ہوگئی۔ اظہر علی اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، کپتان اظہر صرف 3 رنز پر پویلین لوٹ گئے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم 41، محمد حسن 21، عمر اکمل 47، شاہد یوسف 49 اور سہیل تنویر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پنجاب کی جانب سے احسان عادل، عامر یامین، ذوالفقار بابر، عماد بٹ اور شیعب ملک نے 2،2، وکٹیں حاصل کیں۔