حیدرآباد میں صفائی کی ابتر صورتحال عزاداروں نے احتجاج کی دھمکی دیدی

2 محرم الحرام کو بھی مختلف علاقوں میں گٹر ابلنے کی وجہ سے راستوں اور گلیوں میں گندا پانی جمع رہا ۔


Numainda Express November 18, 2012
بلدیہ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث سینٹ میری لنک روڈ سیوریج کے پانی کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے سٹی حیدرآباد کے محرم الحرام کے سلسلے میں صفائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات کے تمام اعلانات صرف دعوے ثابت ہوئے اور ماتمی جلوسوں کی گزر گاہیں گندے پانی کے جوہڑ بنی ہوئی ہیں اگر یہی صورتحال رہی تو عزادار احتجاج کریں گے۔

عزا دار رابطہ کمیٹی کے رہنمائوں زوار عبدالستار درس، علی گوہر چانڈیو اور دیگر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 2 محرم الحرام کو بھی قدم گاہ چاڑی، سلطان ہوٹل چوک، گرونگر، فقیر کا پڑ، کلاتھ مارکیٹ، میمن اسپتال چوک، ٹنڈو طیب، جانی شاہ محلہ، شیزان ہوٹل روڈ اور سخی پیر کالونی میں گٹر ابلنے کی وجہ سے راستوں اور گلیوں میں گندا پانی جمع رہا جس کی وجہ سے ماتمی جلوسوں کو بھی اس گندے پانی میںسے ہی گزرنا پڑا۔ انھوں نے میونسپل انتظامیہ کی نااہلی کی شدید مذمت کی اور متنبہ کیا کہ اگر اعلان کے مطابق شہر میں صفائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات نہ کیے گئے تو عزا دار کمیٹی اس عزاداری دشمن رویے کے خلاف احتجاج کرے گی۔