دورہ انگلینڈ ثقلین کوبیٹنگ کی ناکامی کا خدشہ ستانے لگا

انگلینڈ کی سیمنگ کنڈیشنز میں بیشتر مہمان ٹیمیں پریشان ہوتی ہیں، ثقلین مشتاق


Sports Reporter May 11, 2016
فلیٹ پچز پر بھی تکنیک سے عاری بیٹسمین جدوجہد کرسکتے ہیں،سابق آف اسپنر فوٹو : فائل

MILAN: ثقلین مشتاق کو انگلینڈ میں تکنیک سے عاری بیٹنگ کی ناکامی کا خدشہ ستانے لگا، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ فلیٹ پچز پر بھی بیٹسمین جدوجہد کرسکتے ہیں، تربیتی کیمپ میں خصوصی پریکٹس پر توجہ دینے کی ضرورت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق دورئہ انگلینڈ کیلیے منتخب ممکنہ کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ رواں ماہ ایبٹ آباد میں شروع ہورہا ہے۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستانی ٹیم کیلیے ہمیشہ مشکل ثابت ہوتا ہے، وہاں کی سیمنگ کنڈیشنز میں بیشتر مہمان ٹیمیں پریشان ہوتی ہیں، کئی بہتر تکنیک کے حامل بیٹسمین بھی جدوجہد کرتے نظر آتے ہیں،گراسی پچ پر پاکستانی بیٹنگ لائن کیلیے تو بہت زیادہ مشکلات ہوںگی لیکن 1، 2پلیئرز کو چھوڑ کر ہمارے بیشتر بیٹسمینوں کی تکنیکی کمزوریاں فلیٹ پچز پر آشکار ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ میرے دور کی بات اور تھی، اب گھاس کے بغیر فلیٹ سمجھی جانے والی انگلش پچ بھی یواے ای یا پاکستان کے مردہ ٹریک جیسی نہیں ہوتی، وہاں گیند سیم ہوتی اور بولرز کو باؤنس بھی ملتا ہے،انھوں نے کہا کہ کسی ٹیسٹ میچ میں بھی پانچوں روز پیسرز لائن لینتھ پر گیند کریں تو مسائل پیدا کرسکتے ہیں، ہماری بیٹنگ میں موجود تکنیکی خامیاں راتوں رات تو دور نہیں ہوسکتیں لیکن تربیتی کیمپ میں خصوصی پریکٹس پر توجہ دینے کی ضرورت ہوگی، ثقلین نے کہا کہ جب تک بیٹسمین وکٹ پر قیام کا ہنر نہیں سیکھیں گے کسی بھی فارمیٹ میں فتوحات کا خواب نہیں دیکھا جاسکتا۔

مقبول خبریں