ممبئی ٹیسٹ بھارت نے اسپنرز سے بولنگ کا آغاز کرایا

بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں گریم سوان نے بھی وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کرلی، ہربھجن سنگھ ان کا 200 واں شکار ثابت ہوئے۔


Sports Desk November 25, 2012
انگلش کرکٹ ٹیم کوایک صدی بعد پہلی اننگز میں سلو اوپننگ اٹیک کا سامنا کرنا پڑا ۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

انگلینڈ کو ایک صدی بعد پہلی اننگز میں اسپن اوپننگ اٹیک کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت نے ممبئی ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کے خلاف بولنگ کاآغاز اپنے اسپنرز روی چندر ایشون اور پراگیان اوجھا سے کیا، اس سے قبل انگلینڈ کو 1910 میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پہلی اننگز میں اسپن اٹیک کا سامنا کرنا پڑا تھا، دوسری اننگز میں انگلش ٹیم نے1967 کے بعد پہلی بار اسپن اوپننگ اٹیک کا مقابلہ کیا، اس سے قبل 1967 میں ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں چوتھی اننگز میں انگلینڈ کو فتح کیلیے صرف 3 رنز درکار تھے جب پاکستان نے اپنے اسپنرز مشتاق احمد اور سعید احمد سے بولنگ شروع کرائی، مگر میزبان سائیڈ نے اتنے معمولی اسکور کیلیے کوئی وکٹ نہیں گنوائی، خود انگلینڈ نے بھی 2008 میں جنوبی افریقہ کے فالو آن ہونے کے بعد مونٹی پنیسر اورکیون پیٹرسن کی صورت میں اسپنرز سے بولنگ کا آغازکیا تھا۔

بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں گریم سوان نے بھی وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کرلی، ہربھجن سنگھ ان کا 200 واں شکار ثابت ہوئے، انھوں نے یہ کارنامہ 48 ٹیسٹ میچز میں انجام دیا، اس طرح وہ اس سنگ میل پر پہنچنے والے اپنے ملک کے چوتھے تیز ترین کھلاڑی بن گئے، ان سے قبل ای ین بوتھم نے41، ایلک بیڈسر نے 44 اور فریڈ ٹرومین نے 47 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا، سوان نے ممبئی ٹیسٹ میں مزید دووکٹیں لیں جس سے ان کے مجموعی شکار کی تعداد 202 ہوگئی، صرف 12 انگلش بولرز ان سے زیادہ وکٹیں لے چکے ہیں۔

مقبول خبریں