عثمان خواجہ کے الزامات پر کمنز کا ردعمل، اہلیہ کیساتھ مبینہ تلخ کلامی کی ویڈیو بھی وائرل

سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بھی کمنز پر زور دیا ہے کہ وہ حقیقت بیان کریں


اسپورٹس ڈیسک November 12, 2026

آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق عثمان خواجہ کے حالیہ الزامات پر خاموشی توڑنے کا اعلان کردیا۔

 تاہم اسی دوران سڈنی کی سڑک پر ان کی اہلیہ بیکی کے ساتھ مبینہ تلخ کلامی کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔

عثمان خواجہ نے اپنی نئی سوانح عمری ’صبر‘ میں دعویٰ کیا تھا کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ منصوبے سے آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی آگاہ تھے۔

ان الزامات کے بعد پیٹ کمنز کی قیادت اور اس وقت کے واقعات سے متعلق ان کے مؤقف پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بدھ کو کمنز کو اپنی اہلیہ بیکی کے ساتھ سڈنی کی ایک سڑک پر تقریباً پانچ منٹ تک گفتگو کرتے دیکھا گیا جسے مبینہ طور پر تلخ بحث قرار دیا گیا۔ تاہم اس گفتگو کی اصل نوعیت واضح نہیں ہوسکی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

بعد ازاں دونوں نے اپنی بیٹی ایڈی کے ساتھ ایک مشترکہ تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی جس کے ساتھ ’مائی لووز‘ کا پیغام درج تھا۔

کمنز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ وہ جمعے کو صبح ساڑھے 9 بجے کرکٹ سینٹرل میں میڈیا کے سوالات کے جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خواجہ کے تمام الزامات کو سمجھنے کے لیے وقت لیا ہے تاکہ اپنا مؤقف واضح انداز میں پیش کرسکیں۔

دوسری جانب سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بھی کمنز پر زور دیا ہے کہ وہ حقیقت بیان کریں۔

خواجہ کے سابق اوپننگ پارٹنر ڈیوڈ وارنر نے ان کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے کتاب میں بیان کردہ باتوں کو درست قرار دیا ہے۔

ادھر مچل اسٹارک نے واضح کیا ہے کہ 2018 کے واقعے سے متعلق ان کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور انہیں سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے کا علم نہیں تھا۔