فٹبال چیلسی بڑی فتح کے باوجود چیمپئنز لیگ سے باہر

شیخترکا یووینٹس کیخلاف اون گول دفاعی چیمپئن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا


Sports Desk December 07, 2012
نورڈسجیلینڈ کیخلاف فرنانڈو ٹورس نے دو جبکہ ڈیوڈ لوئز، گیری چاہل، جوآن ماٹا اور اوسکر نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ فوٹو: فائل

چیلسی بڑی فتح کے باوجود چیمپئنز لیگ سے باہر ہوگئی، شیخترکے فٹبالر الیگزینڈر کوچیر کا یووینٹس کے خلاف اون گول دفاعی چیمپئن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا۔ گلت سرائے اور سیلٹک نے بھی پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق چیلسی کو چیمپئنز لیگ میں پہلی فتح کا جشن منائے ہوئے ابھی 7 ماہ بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ وہ اس اعزاز سے محروم ہوگئی، ناک آئوٹ رائونڈر میں جگہ بنانے کیلیے چیلسی کو آخری گروپ رائونڈ میچ میں نورڈسجیلینڈ کیخلاف فتح کیساتھ یووینٹس کی شکست بھی درکار تھی، مگر قسمت نے اس کا آدھا ساتھ دیا، نورڈسجیلینڈ کے خلاف ٹیم 6-1 کے بھاری مارجن سے جیت گئی مگر شیختر سے میچ کے دوسرے ہاف میں حریف پلیئر کوچیر کے اون گول کی وجہ سے یووینٹس نے مقابلہ 1-0 سے اپنے نام کر لیا، یہ دونوں ٹیمیں پری کواٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔

2

چیلسی کے نئے منیجر رافیل بینٹیز کی رہنمائی میں یہ پہلی کامیابی ہے،ان کی موجودگی میں ٹیم نے دو مقابلے ڈرا کیے جبکہ ایک میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ نورڈسجیلینڈ کیخلاف فرنانڈو ٹورس نے دو جبکہ ڈیوڈ لوئز، گیری چاہل، جوآن ماٹا اور اوسکر نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

پہلی مرتبہ دفاعی چیمپئن کو گروپ اسٹیج سے ہی باہر ہونے کی خفت سے دوچار ہونا پڑا۔ ایک اور مقابلے میں سیلٹک نے اسپارٹک ماسکو کے خلاف 2-1 اور براگا کے خلاف اتنے ہی مارجن سے فتح پاکر گلت سرائے نے بھی آخری 16 ٹیموں میں جگہ بنالی۔ دیگر مقابلوں میں سی ایف آر کلوج نے مانچسٹر یونائیٹڈ اور ویلنسیا نے لوسک کو 1-0 سے زیر کیا، بائرن میونخ نے بیتے بورسوو کو 4-1 سے مات دی ، بارسلونا اور بینفیکا کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔