شیریں مزاری کی خواجہ آصف کے خلاف درخواست خارج

پارلیمانی معاملہ عدالت میں زیر بحث نہیں لایا جاسکتا، عدالت کا موقف


ویب ڈیسک October 05, 2016
خواجہ آصف نے شیریں مزاری کو 8 جون کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ٹریکٹر ٹرالی کہا تھا۔ فوٹو: فائل

LARKANA: عدالت نے 'ٹریکٹر ٹرالی' کہنے پر تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف درخواست خارج کردی۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر شیریں مزاری کے وکیل کی جانب سے دلائل میں کہا گیا کہ خواجہ آصف نے اسپیکر کو مخاطب کر کے کہا "اے ٹریکٹر ٹرالی نوں وی چپ کرواوٴ ذرا''، خواجہ آصف نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی جس کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی کارروائی کا کہا گیا لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہنے پر ایوان میں ہنگامہ

شیریں مزاری کے وکیل نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ خواجہ آصف کو اسمبلی رکنیت کے لیے نااہل قرار دینے کا معاملہ الیکشن کمیشن بھجوانے کا حکم دیا جائے اور اسپیکر قومی اسمبلی کو خواجہ آصف کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے شیریں مزاری کی جانب سے دائر درخواست کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی معاملہ عدالت میں زیر بحث نہیں لایا جاسکتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: شیریں مزاری نے خواجہ آصف کی معافی مسترد کردی

واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے 8 جون کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو نام لئے بغیر ٹریکٹر ٹرالی کہا تھا جس پر تمام اپوزیشن جماعتوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔