گورنرسندھ سعید الزماں صدیقی کی طبیعت ناساز، آئی سی یو منتقل

ویب ڈیسک  پير 14 نومبر 2016
 ڈاکٹروں نے طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے اور اب کی حالت خطرے سے باہر ہے، ترجمان گورنر ہاؤس۔ فوٹو: پی آئی ڈی/فائل

ڈاکٹروں نے طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے اور اب کی حالت خطرے سے باہر ہے، ترجمان گورنر ہاؤس۔ فوٹو: پی آئی ڈی/فائل

 کراچی: گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 2 روز قبل گورنر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 80 سالہ گورنر سندھ  پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا ہیں اور سینے میں انفیکشن بھی ہے جنہیں فوری طور پر آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں مصنوعی طریقے سے آکسیجن دی جارہی ہے۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کو سینے میں انفیکشن کے باعث  نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔  ترجمان  کے مطابق  ڈاکٹروں نے طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں ایک روز کے لیے اسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ 14 سال تک گورنر شپ کے عہدے پر فائز رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد کی سبکدوشی کے بعد 11 نومبر کو جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے نئے گورنر سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔