بلوچستان میں شدید سردی صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز 15 روز کے لئے بند

سردی میں اضافے کے بعد گیس پریشرمیں کمی کی متعدد شکایات موصول ہورہی تھیں، حکام


ویب ڈیسک January 10, 2017
سی این جی اسٹیشنز25 جنوری تک بند رہیں گے، حکام: فوٹو: فائل

لاہور: بلوچستان میں شدید سردی کے باعث گیس پریشر میں کمی ہونے کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز 15 روز کے لئے بند کردیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق بلوچستان میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے گزشتہ روزسی این جی اسٹیشنزبند کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب حکام کی جانب سے صوبے بھرمیں گیس پریشرمیں کمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز 15 روزکے لئے بند کردیئے گئے ہیں۔

ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ سردی میں اضافے کے بعد گیس پریشر میں کمی کی متعدد شکایات موصول ہورہی تھیں جس کے پیش نظر سخت سرد موسم کی وجہ سے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے اور اب سی این جی اسٹیشنز25 جنوری تک بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھرمیں شدید سردی کی لہرجاری ہے اور ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پربرف باری اوربارشوں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔