ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،62 دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 17 فروری 2017
پشاور، بنوں، لاہور، ساہیوال، کوئٹہ اور کاٹھور میں بھی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلوں میں 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ فوٹو: فائل

پشاور، بنوں، لاہور، ساہیوال، کوئٹہ اور کاٹھور میں بھی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلوں میں 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ فوٹو: فائل

ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد سیکیورٹی فورسز نے تخریب کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر کے 62 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ایک گھنٹے کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کراچی میں منگھوپیر کے علاقے زیارت میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں کے قبضے سے آٹو میٹک مشین گن اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کا قافلہ سیہون میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے بعد واپس آ رہا تھا کہ کاٹھور کے قریب دہشت گردوں نے قافلے پر حملہ کردیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا، رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ رینجرزکی مزید نفری کاٹھور روانہ کردی گئی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملہ، 75 افراد شہید، 200 سے زائد زخمی

اورکرزئی اجنسی کے علاقہ غلوچینہ میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 6 شدت پسند ہلاک ہوئے جب کہ پشاور کے علاقے ریگی میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ خیبر اجنسی میں پاکستانی چوکی پر افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے دشمنوں کو بھرپور جواب دیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: قوم کے خون کے ایک ایک قطرے کا فوری بدلہ لیں گے، سربراہ پاک فوج

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی میں پاکستانی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ خیبر ایجنسی کے علاقے لوئے شلمان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

بنوں میں بھی تھانہ بگا خیل کے علاقے مروت کینال میں سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور افغانی و عراقی کرنسی بھی برامد ہوئی۔

اورکزئی ایجنسی میں بھی چیک پوسٹ کے قریب بم نصب کرنے والے 2 تخریب کاروں کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا جبکہ اپر دیر میں بھی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: حالیہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہورہی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے 2 دہشت گرد ناکے پر سیکورٹی فورسزز کی فائرنگ سے ہلاک اور ایک دہشت گرد زخمی بهی ہوا جسے اُس کے ساتهی ہمراہ لے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم اور پستول برامد ہوا۔ یاد رہے کہ گزشتہ شب دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل میں پولیس وین پر فائرنگ کرکے 4 اہلکاروں سمیت 5 افراد کو جاں بحق کر دیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ، 4 اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق

لاہور میں فیصل آباد بائی پاس کے قریب ریڈ کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ سرگودھا میں بھی پولیس اور سینڑل ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کرکے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برامد کرلیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: حالیہ دہشت گردی؛ پاکستان نے پاک افغان بارڈر بند کردیا

کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں اسکیم میں ایف سی اور پولیس نے دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا تو شدت پسندوں نے ان پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایف سی اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور کمپاؤنڈ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔