’’الودع مصباح‘‘ چیف سلیکٹر نے ڈھکے چھپے الفاظ میں دل کی بات کہہ دی

کیریئر کا فیصلہ خود کرینگے مگرہمیں ٹیم کے مستقبل کا سوچنا چاہیے،دنیا میں جو کرکٹ ہورہی ہے ویسے ہی چلنا ہوگا


Sports Desk March 03, 2017
پی ایس ایل میں چند اچھے اسپنرز دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،نوجوان بیٹسمینوں کی کارکردگی قابل ذکر نہیں، انضمام۔ فوٹو: فائل

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ڈھکے چھپے الفاظ میں مصباح الحق کو کرکٹ سے رخصت لینے کا مشورہ دے دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انضمام الحق نے کہا کہ مصباح الحق کو مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے، بورڈ نے بھی انھیں اس کا اختیار دے رکھا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں ٹیم کے مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ دنیا میں اس وقت جو کرکٹ ہورہی ہے ہمیں اس کے مطابق ہی چلنا ہوگا۔

واضح رہے کہ مصباح الحق آئندہ چند روز کے دوران چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے ملاقات میں اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے، چند روز قبل انھوں نے بطور عام پلیئر کھیلنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔

دریں اثنا دیگر معاملات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ میں زبردست ٹمپرامنٹ کے چند اچھے اسپنرز دیکھ کر بہت خوشی ہوئی لیکن نوجوان بیٹسمینوں کی کارکردگی قابل ذکر نہیں ہے۔

سابق کپتان نے کہاکہ ہمیں ایسے بیٹسمینوں کی ضرورت ہے جو میچ وننگ پرفارم کر سکیں۔ اچھی بیٹنگ کرنے اور میچ جتوانے میں بڑا فرق ہے، ہمارے بیٹسمین اچھا اسکور تو کرلیتے ہیں لیکن میچ کو جیت پر ختم نہیں کرتے، اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے، انھوں نے کہاکہ ٹیم کا انتخاب کرتے وقت ڈومیسٹک کرکٹ کیساتھ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو بھی مدنظر رکھا جائے گا کیونکہ یہ پی سی بی کا ایونٹ ہے۔ گذشتہ سال اسی سپرلیگ سے ہمیں حسن علی کی صورت میں ایک باصلاحیت کرکٹر ملا تھا۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے پر ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی پیش کرے گی، ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے سلسلے میں یہ میچز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جبکہ گرین شرٹس سیریز جیت سکتے ہیں لیکن فیلڈنگ کا معیار بہتر کرنا ہوگا۔

مقبول خبریں