دہشت گردی کے خاتمے تک ’’آپریشن ردالفساد‘‘ جاری رہے گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 3 مارچ 2017
پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ  دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں پر عزم ہیں جب کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے آپریشن ردالفساد جاری رہے گا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرداخلہ، مشیر قومی سلامتی  ناصر جنجوعہ سمیت ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سلامتی، سیکیورٹی اور آپریشن ’ردالفساد‘ پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور آپریشن کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے آپریشن ردالفساد کو عوامی امنگوں کا آئینہ دار قرار دیتے ہوئے  ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ہمیں محاذ آرائی کی منفی سیاست سے باہر نکل کر مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، وزیراعظم

اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں اور دہشت گردوں کے ملک سے بلا امتیاز خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں جب کہ آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی امنگوں کاعکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز پر عزم ہیں لہذا فریقین کے اتفاق رائے سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔