سنجے لیلا کی فلم ’’پدماوتی‘‘ کے سیٹ کو آگ لگادی گئی

ویب ڈیسک  بدھ 15 مارچ 2017
اس سے قبل جے پور میں بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران مقامی افراد نے حملہ کیا تھا، فوٹو؛ فلم پوسٹر

اس سے قبل جے پور میں بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران مقامی افراد نے حملہ کیا تھا، فوٹو؛ فلم پوسٹر

کولہاپور: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر کولہاپور میں نامعلوم حملہ آورں نے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ کے سیٹ میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور سیٹ کوآگ لگادی۔

ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ تکمیل کے مراحل میں ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے اور فلم کی شوٹنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ چند ہفتے قبل فلم پرتاریخی حقائق کو مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے راجستھان کی مقامی افراد نے جے پور میں فلم کے سیٹ پر دوران شوٹنگ حملہ کردیا تھا لیکن اب فلم کے خلاف بھارت کی دوسری ریاست میں بھی رد عمل دیکھنے میں آیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:بھارتی ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی پر مشتعل افراد کا حملہ

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہارشٹرا کے شہر کولہاپور میں فلم ’’پد ماوتی‘‘کی شوٹنگ کے لیے سیٹ تعمیر کیا جارہا تھا کہ گزشتہ رات نامعلوم افراد نے سیٹ پر حملہ کیا اور سیٹ کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں کو زدوکوب کیا جب کہ حملہ آوروں نے زیر تعمیر سیٹ میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور سیٹ کو آگ لگادی جس سے سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

سیٹ کو آگ لگائے جانے کے بعد فلم کی شوٹنگ ایک بار پھر غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے جب کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’’پدماوتی‘‘ میں شاہد کپور،رنویر سنگھ اوردپیکا پڈوکون مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔