سندھ میں خسرے کی وبا کا قائم مقام وفاقی محتسب نے نوٹس لے لیا

سندھ بھر میں بچوں کی اموات پر صوبائی محتسب کو تحقیقات کا حکم،غفلت کے مرتکب اداروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔


Staff Reporter January 13, 2013
اداروں کیخلاف شکایات کا جائزہ ،10دن میں 8 ہزار مقدمات نمٹادیے،شکایات کے اندراج کیلیے آن لائن نظام بنائینگے،سلمان فاروقی. فوٹو:ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD: قائم مقام وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے خسرہ کی وبا میں بچوں کی اموات کے واقعات کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔

انھوں نے متعلقہ حکام اور اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان واقعات کی رپورٹ طلب کرلی ہے،انھوں نے چاروں صوبوں کے محتسبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے طور پر بھی ان واقعات کی تحقیقات کریں اور رپورٹ پیش کریں، وفاقی محتسب نے کہا کہ ان واقعات میں غفلت کے مرتکب اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، قبل ازیں قائم مقام وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی صدارت میں ہفتہ کو کراچی میں ایک اجلاس ہوا،اجلاس میں سندھ میں موجود وفاقی اداروں کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لیا گیا۔

 



بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے نے آئندہ چند ہفتوں کے دوران 27 ہزار شکایتوں کے ازالے کے لیے محتسب کے مرکزی آفس اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، فیصل آباد، ملتان اور سکھر کے علاقائی دفاتر سے بھی نوٹس جاری کیے ہیں، انھوں نے کہا کہ دس روز کے اندر 8 ہزار 550 مقدمات نمٹائے گئے ہیںاور زیر التوا تمام شکایتوں کو5 روز میں حل کرلیا جائے گا،عوام جو شکایات وفاقی محتسب کو بھیجیں گے اس کو 15 روز میں حل کردیا جائے گا۔

ملک بھر میں وفاقی محتسب کے دفاتر میں شکایات کے اندراج کے لیے آن لائن نظام جلد متعارف کرایا جائے گا، محتسب کے تمام دفاتر میں قانونی نظام کی بہتری کے لیے تجاویز دی گئیں اور تمام متعلقہ فریقین کی آرا معلوم کرنے کا اقدام کیاگیا، توقع ہے کہ ان اصلاحات کا اطلاق رواں ماہ کے دوران ہوجائے گا۔