پی آئی اے نے پرواز میں عابد شیرعلی علیم خان اور منظور وٹو کو ایک ساتھ بٹھا دیا

دوران سفر منظور وٹو کو عابد شیر علی لوڈشیڈنگ میں اضافے کی وجوہات بتاتے رہے جب کہ علیم خان مسلسل مسکراتے رہے


ویب ڈیسک April 04, 2017
دوران سفر منظور احمد وٹو نے وزیر مملکت عابد شیر علی سے لوڈشیڈنگ میں اضافے کی وجہ دریافت کی۔ فوٹو : فائل

KARACHI: پی آئی اے کی پرواز میں تحریک انصاف کے رہنماعبدالعلیم، پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وٹو اور وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے ایک ساتھ سفر کیا۔

پی آئی اے کی اسلام آباد سے براستہ لاہور اور سکھر سے کراچی جانے والی پرواز میں تحریک انصاف کے رہنماعبدالعلیم خان، پیپلز پارٹی کے رہنما منظور احمد وٹو اور وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کو ایک ساتھ بٹھا دیا گیا۔ تینوں رہنماؤں نے بزنس کلاس میں سفر کیا اور ایک دوسرے کو ساتھ دیکھ کر حیران دکھائی دیے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : عمران خان کو بھارت بھجوادینا چاہیے

سفر کے دوران عبدالعلیم خان مسکراتے رہے جب کہ منظور احمد وٹو نے وزیر مملکت عابد شیر علی سے لوڈشیڈنگ میں اضافے کی وجہ دریافت کی جس پر عابد شیر علی وضاحتیں دیتے رہے ۔ منظور وٹو سکھر میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے اتر گئے جب کہ عابد شیرعلی اور عبدالعلیم خان نے سفر کراچی تک جاری رکھا۔

علیم خان اور منظور وٹو کے ساتھ سفر کرنے سے متعلق جب عابد شیر علی سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں پہلی مرتبہ ریلوکٹوں کے ساتھ سفر کیا ہے۔