تحریک انصاف کا 11 جون کو انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ

ملک کے کسی بھی ادارے میں میرٹ نہیں تاہم ہم ملک میں قائم ’اسٹیٹس کو‘ کے خلاف لڑ رہے ہیں،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک May 13, 2017
ملک کے کسی بھی ادارے میں میرٹ نہیں تاہم ہم ملک میں قائم ’اسٹیٹس کو‘ کے خلاف لڑ رہے ہیں،چیرمین تحریک انصاف ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان تحریک انصاف نے انٹراپارٹی الیکشن 11 جون کو کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کے کسی بھی ادارے میں میرٹ نہیں تاہم ہم ملک میں قائم 'اسٹیٹس کو' کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

ملک کی سیاسی صورتحال اورانٹراپارٹی الیکشن پر غور کیلئےتحریک انصاف کے رہنماؤں کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں انٹراپارٹی الیکشن 11 جون کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تحریک انصاف کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی ٹکٹ کس کو ملنا ہے اس کا حتمی فیصلہ خود کروں گا، اس معاملے پر کسی کو بھی گروپنگ کی ضرورت نہیں ہے، ملک کی ترقی کے لئے ہمیں آپس کے اختلافات ختم کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے کسی بھی ادارے میں میرٹ نہیں ہے اور پی ٹی آئی ملک میں قائم اسٹیٹس کو کے خلاف لڑ رہی ہے۔

تحریک انصاف کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے قائم کی گئی جے آئی ٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم شفاف ترین انداز میں عدالت عظمی کی جانب سے فراہم کردہ مدت کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرے۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ متنازع خبر کی صورت میں افواج پاکستان پر حملہ حکومت اور عسکری قیادت کا آپس کا معاملہ نہیں بلکہ اس خبر سے ہر شہری کے جذبات کو ٹھیس پہنچی اس لئے نیوز لیکس کے حوالے سے حقائق کو قوم کے سامنے رکھنے کے لئے مکمل رپورٹ کا اجراء ناگزیر ہے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے عبوری آئین کی منظوری بھی دی گئی اور اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے سے متعلق قرار داد بھی منظور کی گئی۔

علاوہ ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف میمو گیٹ کیلئےسپریم کورٹ گئے تھے اب ڈان لیکس اور میمو اسکینڈل ایک جیسے ہی معاملات ہیں جب کہ جے آئی ٹی کی کارکردگی 22 مئی کی سماعت میں سامنے آجائے گی اور میرے تمام اثاثے ڈکلئیر ہیں منی ٹریل سپریم کورٹ کو دےچکا مجھے کسی قطری کی ضرورت نہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی فاونڈر گروپ نے تحریک انصاف کا 11 جون کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ مسترد کردیا ہے، فاونڈر گروپ نے عہدیداروں کی مشاورت سے اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں انٹرا پارٹی الیکشن کا طریقہ کار قبول نہیں کیوں کہ دوسری سیاسی جماعتوں کی طرز پر انٹرا پارٹی الیکشن من پسند سرمایہ داروں کو عہدے بانٹنے کی سازش ہے جب کہ پارٹی آئین کے مطابق تمام عہدوں پر انتخاب ضروری ہے۔