کترینہ کی شارکس کے ساتھ تیراکی کی وڈیو وائرل

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جون 2017
اب تک ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہ ویڈیو دیکھ چکے ہیں؛فائل فوٹو

اب تک ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہ ویڈیو دیکھ چکے ہیں؛فائل فوٹو

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے وہیل شارکس کے ساتھ تیراکی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں وہ خطرناک شارکس کے ساتھ زیرِ آب تیراکی کرتی نظر آرہی ہیں۔

بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف دیکھنے میں جتنی نازک نظر آتی ہیں، اس سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔ وہ ہر کام بخوبی انجام دیتی ہیں۔ حال ہی میں کترینہ نے سمندر کے عالمی دن کے موقعے پر فلپائن کے سمندر میں وہیل شارکس کے ساتھ تیراکی کا انوکھا فوٹو شوٹ کروایا جس میں وہ سمندر کے نیلگوں پانی میں بڑی بڑی خوفناک وہیل شارکس کے ساتھ مزے سے تیر رہی ہیں۔

کترینہ نے فوٹو شوٹ کی ویڈیو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہے جسے دیکھنے کے بعد ان کے مداح پہلے تو حیران رہ گئے اور بعد ازاں ان کی بہادری کو خوب سراہا۔

کترینہ کیف کی وہیل شارکس کے ساتھ لی گئی زیرِ آب تصاویر اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئیں اور اب تک ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہ ویڈیو دیکھ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف نے جب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا ہے، تب سے ان کے چاہنے والے ان کی ہر سرگرمی سے واقف رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ کترینہ کیف ان دنوں کبیر خان کی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ بالی ووڈ کے دبنگ، سلمان خان مرکزی کردار میں نظر آئیں۔ یہ 2012 کی کامیاب فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ کے تسلسل میں ہے، تاہم اسے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کے باعث پاکستانی سنیما گھروں میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔