سونم کپور نے ارب پتی دوست سے محبت کا اقرار کرلیا

سونم کے دوست آنند آہوجا کا شماربھارت کے ارب پتی تاجروں میں ہوتا ہے


ویب ڈیسک June 23, 2017
سونم کپورنےانسٹاگرام پراپنےدوست آنند کےساتھ تعلقات کااظہارکردیا؛فائل فوٹو

سونم کپور نے ہمیشہ شادی سے متعلق بات کو ذاتی معاملہ قرار دیا ہے لیکن اب بالآخر انہوں نے اپنے قریبی دوست آنند آہوجا کے ساتھ محبت کا اقرار کر ہی لیا۔

بالی ووڈ کی خوبصورت اوراسٹائلش اداکارہ سونم کپورکبھی بھی اپنے جذبات کا اظہارکرنے سے پیچھے نہیں ہٹتیں اور نہ ہی اپنی ذاتی زندگی میں کسی کی مداخلت برداشت کرتی ہیں، گزشتہ کچھ عرصہ سے اداکارہ سونم اوران کے قریبی دوست آنند آہوجا کے درمیان نزدیکیاں بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھیں لیکن سونم نے ہمیشہ اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے فیشن ڈیزائنرآنند آہوجا کا شماربھارت کے ارب پتی تاجروں میں ہوتا ہے اور سونم مختلف تقاریب میں ان ہی کےڈیزائن کردہ ملبوسات زیب تن کرتی نظرآتی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سونم کپورکی نئی دلی کے ارب پتی بزنس مین سے قربتیں بڑھنے لگیں

لیکن اب انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ انسٹا گرام پرآنند آہوجا کے ساتھ تصویرشیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنےتعلقات کا برملا اظہار کردیا،انسٹا گرام پر شیئر کی جانے والی تصویر میں ان کے دوست ڈیزائنرنمیش شاہ نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا کیا آپ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں سونم نے فوراً جواب دیا ''جی ہاں'' ،ان کے جواب سے واضح ہوگیا کہ سونم اور آنند کے درمیان رشتہ دوستی سے بڑھ کر ہے۔



اس خبرکوبھی پڑھیں: سونم کپور کی ایک بار پھر شادی کی افواہیں سرگرم

واضح رہے کہ سونم کپور نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کی ہے ورنہ اس سے قبل وہ میڈیا کو ہمیشہ یہ کہہ کرٹال دیتی تھیں کہ وہ اپنی نجی زندگی کے بارے میں کسی کو کچھ بھی بتانا پسند نہیں کرتیں۔