پشاورمیں فورسزکی مشترکہ کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 جون 2017

پشاور: متھرا میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت پشاور کے علاقے متھرا میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان اور3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ اس کارروائی کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

قبل ازیں سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے چمکنی میں شاہ پور سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ان کے ایک ساتھی کو گرفتارکرلیا ہے۔ اس دوران پولیس کے 5 اہلکار اور فوج کے 2 جوان بھی زخمی ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت خلیل عرف عارف کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر تھا۔ ہلاک دہشت گرد کمانڈر بیوی اور 4 بچوں کے ہمراہ فلور مل کی بند عمارت میں رہائش پذیر تھا۔ فورسز نے اس کے بیوی بچوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد منظم نیٹ ورک کا حصہ تھے۔ دہشت گرد گروہ پولیس پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور بم حملوں میں بھی ملوث تھے۔ آئی جی خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں فوج کی بھرپورمدد حاصل رہی جبکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں بکتربند گاڑیاں اور کمانڈوز بھی شریک تھے۔

سی سی پی او پشاور طاہر خان نے میڈیا کو بتایا کہ فلور مل میں چھپے دہشت گرد بم بنا رہے تھے جو عید کے دوران تخریب کاری کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔