آرمی چیف کا نشتراسپتال ملتان کا دورہ، زخمیوں کی عیادت

ویب ڈیسک  پير 26 جون 2017

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نشتر اسپتال ملتان میں زخمیوں کی عیادت کی جب کہ آرمی چیف نے بروقت امدادی کارروائی کرنے والے کی کوششوں اور کردار کو سراہا. 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نشتر اسپتال ملتان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی جب کہ آرمی چیف نے بروقت امدادی کارروائی کرنے والے کی کوششوں اور کردار کو سراہا، وی سی نشترمیڈیکل یونیورسٹی نے آرمی چیف کوزخمیوں کےعلاج کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے سول انتظامیہ کو فوج کے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کرائسز مینجمنٹ مشترکہ قومی ذمہ داری ہے جب کہ سول انتظامیہ کی مدد کیلیے فوج نے اپنی ذمہ داری نبھائی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے حادثات سے بچنے کے لیے عوامی آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ملتان گریژن کے شہدا سے بھی ملے اور وطن عزیز کے لیے ان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے جب کہ ملک کے جان قربان کرنے سے بڑا کوئی کام نہیں۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی پر نوجوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی اور پاکستان کے امن و استحکام کے لئے دعا کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کے حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔