پاکستان میں نئے میزائل تجربات کی تیاریاں مکمل

ویب ڈیسک  پير 3 جولائی 2017
پاکستانی بیلسٹک میزائلوں میں تازہ ترین اضافہ ابابیل کا ہے جو بیک وقت کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت یعنی ’’ایم آئی آر وی‘‘ سے بھی لیس ہے۔ (فوٹو: فائل)

پاکستانی بیلسٹک میزائلوں میں تازہ ترین اضافہ ابابیل کا ہے جو بیک وقت کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت یعنی ’’ایم آئی آر وی‘‘ سے بھی لیس ہے۔ (فوٹو: فائل)

اسلام آباد: نمائندہ ایکسپریس نیوز نے پاک فوج میں ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان آنے والے دنوں میں مختلف میزائلوں کے کئی تجربات کرے گا۔ یہ میزائل ممکنہ طور پر جدید قسم کے کروز اور بیلسٹک میزائل ہوسکتے ہیں جن کا مقصد دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنانا ہے۔

اس مقصد کےلیے پاک فوج نے آئندہ چند دنوں کے دوران کئی میزائل تجربات کی تیاریاں مکمل ہیں جبکہ یہ تجربات ایک سلسلے کی شکل میں وقفے وقفے سے کیے جائیں گے۔

ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان میزائل تجربات کا فیصلہ علاقائی صورتِ حال اور ملکی دفاع کو درپیش چیلنجوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ان میزائلوں کے بارے میں یہ اندازہ بھی ہے کہ انہیں خاص طور پر دشمن کے فضائی دفاعی نظام کو شکست دینے کےلیے آزمایا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: آبدوز سے کروز میزائل داغنے کی پاکستانی صلاحیت

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کے پاس بابر کروز میزائل کے مختلف ورژن موجود ہیں جنہیں زمین اور سمندر سے لانچ کیا جاسکتا ہے جبکہ اسی میزائل کا قدرے ترمیم شدہ ڈیزائن ’’رعد کروز میزائل‘‘ پاک فوج کےلیے تیار کیا گیا ہے جسے لڑاکا طیارے سے ہدف کی طرف چھوڑا جاسکتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ابابیل میزائل نظام، پاکستان ایم آئی آر وی ٹیکنالوجی کا حامل چھٹا ملک بن گیا

بیلسٹک میزائلوں کے ذیل میں یوں تو پاکستان کے پاس شاہین اور دیگر بیلسٹک میزائل برسوں سے موجود ہیں لیکن اس سلسلے میں تازہ ترین اضافہ ’’ابابیل‘‘ بیلسٹک میزائل کا ہے جو 2200 کلومیٹر کی رینج کا حامل ہے اور ’’ایم آئی آر وی‘‘ یعنی ایک وقت میں کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت سے لیس بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔