دنیا کا پہلا بتیسی نما آٹومیٹک ٹوتھ برش

ایما برش بنانے والوں کا دعویٰ ہے کہ صرف 10 سیکنڈ میں دانتوں کو موتیوں کی طرح صاف کردیتا ہے۔


ویب ڈیسک July 12, 2017
ایما برش ایک انقلابی ایجاد جس سے دانتوں کی صفائی کا تصور یکسر بدل جائے گا۔ فوٹو: بشکریہ ایما برش

KARACHI: ایما برش نامی یہ عجیب وغریب ڈیوائس صرف 10 سیکنڈ میں آپ کے دانت صاف کرسکتا ہے اور اس کے لیے آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں صرف بتیسی نما برش دانتوں پر لگائیں اور بٹن دبادیں۔

دانتوں کو صاف کرنے میں روزانہ بہت وقت لگتا ہے لیکن اب ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ کام کم وقت میں بہت آسان طریقے سے انجام دیا جاسکتا ہے، ایما برش کسی برش کی بجائے بتیسی نما ربڑ کا ماؤتھ گارڈ دکھائی دیتا ہے جو خاص ارتعاشات (وائبریشن) سے صرف 10 سیکنڈ میں دانتوں کو صاف کرتا ہے۔ یہ ارتعاشات اس میں نصب ایک چھوٹی موٹر سے پیدا ہوتے ہیں عین اسی طرح جیسے ایک چھوٹی موٹر موبائل فون پر تھرتھراہٹ پیدا کرتی ہے۔



ایما برش دوحصوں پر مشتمل ہے ۔ اول اس میں ایک ماؤتھ پیس ہے جس میں دانت صاف کرنے والا نظام ہے جب کہ بیرونی 'ہینڈ پیس' میں موٹر اور ایک مائیکروپمپ لگا ہے۔ کمپنی کے مطابق دانتوں میں فٹ ہونے والا حصہ سلیکون سے بنا ہے جو 99.99 فیصد بیکٹیریا ازخود ختم کردیتا ہے۔ اس میں ٹوتھ برش کی طرح نرم ریشے ہیں جن میں مائیکروچینلز کی وجہ سے ٹوتھ پیسٹ خارج ہوتا رہتا ہے۔

اس کے لیے آپ کو یہ کرنا ہے کہ ہینڈ پیس پر لگا بٹن دبانا ہوگا اور اگلے 10 سیکنڈ میں آپ کے دانت حیرت انگیز طور پرصاف اور جراثیم سے پاک ہوجائیں گے۔ اس کے بعد کلی کرکے منہ دھولیجیے اور دانت صاف ہوجائیں گے۔



اس کے ہینڈ پیس والے حصے میں خاص ٹوتھ پیسٹ کیپسول رکھا ہے جس کے ایک یونٹ کی قیمت پاکستانی 400 روپے ہے اور پورے ماہ کے لیے کافی ہے۔ اگر آپ روزانہ 2 مرتبہ ایما برش استعمال کریں تو ماؤتھ پیس کو ہر 3 سے 6 ماہ میں بدلنا ہوگا جس کی قیمت 700 پاکستانی روپے بنتی ہے۔

سلیکون برش بنانے کے لیے کمپنی کے ماہرین نے 2000 مرد اور خواتین کے جبڑوں کی پیمائش کی اور اسطرح کا ماؤتھ پیس ڈیزائن کیا جو ہر جبڑے پر فٹ آجائے اور اگر تھوڑا بہت فرق ہوتو وہ سافٹ مٹیریل سے پورا ہوجاتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ تھرتھراہٹ سے جبڑے اور دانتوں پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے۔

اس کی موٹر 9 جی کے برابر تھرتھراہٹ پیدا کرنے بہت مؤثر انداز میں دانتوں کو صاف کرتی ہے۔ ٹوتھ برش الگورتھم کی مدد سے دانتوں کے لحاظ سے ارتعاش پیدا کرتی ہے اور اسے کم یا ذیادہ کرتی رہتی ہے۔ صرف ایک مرتبہ چارج کرنے سے یہ برش 28 مرتبہ دانت صاف کرتا ہے۔ لیکن یاد رہے کہ اس کی قیمت بہت ذیادہ ہے۔


یہ ایجاد کراؤڈ فنڈنگ کے مرحلے میں ہے اور دسمبر میں آپ اسے خرید سکیں گے ایک برش سیٹ کی قیمت 90 ڈالر یا 9 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔