سلمان خان نے ایشوریا رائے کی وجہ سے پدماوتی چھوڑی

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اگست 2017
ایشوریاچاہتی تھیٰ سلمان پدما وتی میں علاؤالدین خلجی کا کردار نبھائیں؛فوٹوفائل

ایشوریاچاہتی تھیٰ سلمان پدما وتی میں علاؤالدین خلجی کا کردار نبھائیں؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ میں ان دنوں ہدایت کار سنجے لیلیٰ بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ کے چرچے جاری ہیں تاہم پہلےاس فلم کی پیشکش بالی ووڈ کے دبنگ خان سلمان خان اورایشوریا کو ہوئی تھی لیکن سلمان خان نے اس فلم میں کام کرنے سے منع کردیا تھا۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں ہدایت کار سنجے لیلیٰ بھنسالی تاریخی کرداراور بڑے بجٹ کی فلمیں بنانے کیلئے مشہور ہیں، انہوں نے بالی ووڈ کو ہم دل دے چکے صنم ،دیوداس، رام لیلیٰ اور باجی راؤ مستانی جیسی شاہکار فلمیں دی ہیں، جن کا سحر آج تک لوگوں پر قائم ہے اوراب سنجے لیلیٰ بھنسالی ایک اور تاریخی فلم ’’پدماوتی‘‘ بنارہے ہیں جس میں دپیکا پڈوکون ، رنویر سنگھ اور شاہد کپور مرکزی کردار میں نظر آئیں گے ،لیکن دپیکا اور رنویر سے پہلے اس فلم کی پیشکش  بالی ووڈ کی مشہور ترین جوڑی سلمان خان اور ایشوریا رائے کو ہوئی تھی لیکن سلمان خان نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ایشوریا رائے ’’ سلمان ‘‘ کے نام سے بھی دور بھاگنے لگیں 

بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے لیلیٰ بھنسالی سلمان اور ایشوریا کے ساتھ ’’ہم دل دے چکے صنم‘‘ جیسی کامیاب فلم بناچکے ہیں ، فلم میں دونوں اداکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا اور لوگوں نے بھی اس جوڑی کو بے انتہا پسند کیا تھا، لہٰذابھنسالی چاہتے تھے کہ یہ مشہور جوڑی ایک بار پھر ان کی فلم ’’پدماوتی‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے،  حیرت انگیز طور پر ایشوریا رائے نے فلم میں کام کرنے کیلئے ہامی بھی بھرلی تھی لیکن ان کی ایک شرط تھی کہ اگر سلمان خان فلم میں علاؤالدین خلجی کا کردار نبھائیں گے تو ہی وہ رانی پدماوتی بنیں گی کیونکہ اس وقت اسکرپٹ کے مطابق فلم میں پدماوتی اور علاؤالدین خلجی کا ایک ساتھ کوئی سین نہیں تھا لیکن سلمان کو ایشوریا کی یہ تجویز پسند نہیں آئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  ایشوریا ایک بارپھرسلمان  کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہشمند

رپورٹس کے مطابق سلمان خان پدماوتی کا حصہ بننے پر بے انتہا خوش تھے  کیونکہ وہ ایشوریا رائے کے ساتھ ایک بار پھراسکرین پر رومانوی کردار ادا کرنا چاہتے تھےاور ہم دل دے چکے صنم جیسی پرفارمنس دینا چاہتے تھےلیکن ایشوریا کی شرط سننے کے بعد انہوں نے فلم میں کام کرنے سے ہی منع کردیا۔

لوگ آج بھی سلمان اورایشوریا کی خوبصورت جوڑی کو پردے پر ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں لیکن دونوں کے درمیان اختلافات اتنے شدید ہیں کہ لوگوں کی یہ خواہش پوری ہوتی نظر نہیں آرہی۔

واضح رہے کہ فلم ’’پدماوتی‘‘ میں دپیکا پڈوکون رانی پدماوتی، رنویر سنگھ علاؤالدین خلجی اور شاہد کپورراجا رتن سنگھ کا کردار نبھا رہے ہیں، فلم 17 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔